کویت نے پاکستان کیلئے ادھار تیل کی سہولت میں 2سال توسیع کردی

کویت نے پاکستان کیلئے ادھار تیل کی سہولت میں 2سال توسیع کردی

اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)کویت نے پاکستان کے لئے ادھار تیل کی سہولت میں 2 سال کی توسیع کر دی۔ یہ سہولت کویت پٹرولیم کی جانب سے پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او)کو دی گئی ہے ۔

وزارت پٹرولیم کے مطابق پاکستان کویت سے سالانہ 2ملین ٹن تیل درآمد کرتا ہے ، پاکستان کو ماضی میں تیل کریڈٹ کی سہولت ایک سال کیلئے دی جاتی تھی۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے کویت کے سفیر نصر عبدالرحمن المطیری نے وزارت پٹرولیم میں ملاقات کی۔ علی پرویز نے کویت کی حمایت کو سراہتے ہوئے پاکستان کے لیے خصوصی رعایت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کویت پٹرولیم کی طرف سے دو سال کے لیے بڑھائی گئی کریڈٹ سہولت کا بہت شکرگزار ہے ۔ پی ایس او اور کویت پٹرولیم کی شراکت داری بہترین ہے ۔کویتی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی نمایاں معاشی ترقی، خاص طور پر معیشت کو مستحکم کرنے اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے اور پاکستان کے پٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاری کے نئے راستوں کو تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

انہوں نے کہا وزیراعظم شہباز شریف کویت کے عوام، امیر کویت اور ولی عہد کے لیے بے پناہ محبت اور احترام رکھتے ہیں۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور کویت کے درمیان پائیدار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔بعد ازاں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پوری دنیا پاکستان کے مشکل مگر بہتر معاشی فیصلوں کو سراہ رہی ہے ،الحمدللہ، حکومت اور وزیراعظم اپنی ذمہ داریوں کو ادا کر رہے ہیں، ہم مشکل فیصلے لیتے ہوئے پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام دلوائیں گے ، مہنگائی کو لگام ڈال دی گئی ہے میں یہ بھی یقین دلاتا چلوں وزیراعظم کو عام آدمی کی معاشی پریشانی اور تکالیف کا اندازہ بھی ہے ، اسی وجہ سے ہم نے اپنے موجودہ دور حکومت میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 سے 40 روپے کمی کی ہے ، پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آج بھی خطے کے دوسرے ممالک سے کم ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا اگر مستقبل قریب میں عالمی منڈی میں مزید کوئی ریلیف ملا توریلیف عوام کو منتقل کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں