فیصلہ سازوں کو لیڈر نہیں غلام چاہئیں ،عمران کوکب تک جیل میں رکھیں گے:علی امین گنڈا پور
لاہور ( کورٹ رپورٹر ، دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے آپ لوگ خان کا ساتھ دیں، آگے بڑھیں، متحد ہوجائیں، بہت جلد عمران خان ہمارے درمیان ہوں گے ، فیصلہ سازوں کو لیڈر نہیں غلام چاہئیں، ملک کو ڈنڈے کے زور پر نہیں چلایا جا سکتا۔
لاہور ہائی کورٹ بار کے جنرل ہاؤس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گنڈا پور نے کہا ہے کہ میں آپ لوگوں سے نہایت اہم بات کرنے لگا ہوں، مدینہ کی ریاست کیا تھی، مدینہ کی ریاست انصاف پر مبنی تھی، آج ہمارے ملک میں ایسا کچھ نہیں نظر آتا۔ اس ملک میں زبردستی لوگوں کو اٹھا کر حکومتیں بنانی شروع کر دی گئیں، انہوں نے مارشل لا لگا دیئے ، پاکستان کی تاریخ گواہ ہے پہلے بھٹو کو پھانسی دی، اب بھٹو کو ایوارڈ دیا گیا، اسطرح اپنے لوگوں کو لانے کے لیے بہت کچھ کیا۔بانی پی ٹی آئی کو اس لیے جیل میں ڈالا گیا کیونکہ ان سے اس نظام کو خطرہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم غلام بن گئے ہیں، کابینہ ، ہمارے لیڈر سب غلام بن گئے ہیں، پاکستان میں جمہوریت ہے لیکن دھاندلی کی گئی ۔
آپ لوگ وکیل بھی خود ہو مدعی بھی خود ہو، عمران خان کا مسئلہ کرسی نہیں بلکہ وہ پاکستان کو آزاد، خود محتار بنانا چاہتا ہے ، آج 24 کروڑ عوام کی آواز اسٹیبلشمنٹ تک نہیں جارہی۔ ہمارے ورکرز، قیادت، بانی پی ٹی آئی اور ان کی بیوی جیل میں ہے ، ان لوگوں نے ہمارے کارکنوں کو گولیاں ماریں، اگر آپ لوگ جنگ چاہتے ہیں تو کیا آپ لوگ اپنے لوگوں سے جنگ چاہتے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا رہا تو لوگ یہاں سے نکل جائیں گے ، آپ وعدہ کریں کہ آپ لوگ خان کا ساتھ دیں گے ، آگے بڑھو، متحد ہوجاؤ، ہمارے پاس بہت پیسہ ہے ، ہمارا صوبہ امیر ترین ہے ۔بانی نے کہا اپنی ذات کے لیے نہیں ملک کے لیے مذاکرات کرنے کو تیار ہوں۔جس بھٹو کو انہوں نے پھانسی دی، پہلے اسی بھٹو کو لانے کے لیے ملک توڑ دیا، بتاؤ بھٹو کو پھانسی دینے والوں کو کیا سزا دی گئی ،فلسطین میں ظلم ہو رہا ہے ہم نام نہیں لے سکتے ۔ اگر جوتے پالش کرنے والے حکومت کریں گے تو ہم غلام ہی رہیں گے ۔ عمران خان کو کب تک جیل میں رکھو گے ؟۔انہوں نے لاہور ہائیکورٹ بار کے لیے 5 کروڑ روپے گرانٹ دینے کا اعلان کیا ۔