سندھ اور وفاقی حکومت یقینی بنائیں کہ کینالز کے معاملے پر قومی اتحاد کو نقصان نہ پہنچے ، سندھ ہائیکورٹ

سندھ اور وفاقی حکومت یقینی بنائیں  کہ کینالز کے معاملے پر قومی اتحاد کو  نقصان نہ پہنچے ، سندھ ہائیکورٹ

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ ارسا کی تشکیل اور نہروں کے قیام کیلئے کے معاملے پر وفاق اور سندھ حکومت یقینی بنائیں کہ قومی ا تحاد کو نقصان نہ پہنچے ۔سندھ ہائی کورٹ میں ارسا کی تشکیل اور نئی نہروں کی تعمیر کے لیے پانی کی دستیابی کے سرٹیفکیٹ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی ۔

 عدالت نے استفسار کیا کہ کیا کینالز پر کام ہورہا ہے ؟ ۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کینالز پر کام عدالتی حکم کے بعد روک دیا گیا ہے ۔ جسٹس فیصل کمال عالم نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا آپ کو ہم سے بہتر علم ہے اور قومی اتحاد سے مقدم کچھ نہیں ہے ، اس حساس معاملے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے ۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ ارسا کی موجودہ تشکیل سے فیصلہ سازی کا اختیار متاثر ہوا ہے ۔ عدالت نے حکم دیا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی کا تحفظ کیا جائے ، ارسا میں سندھ سے وفاقی رکن کی تعیناتی کی جائے اور اگر مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے قانونی ترمیم درکار ہو تو کی جائے ۔ عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ عدالت امید رکھتی ہے کہ آئندہ سماعت سے قبل عدالتی حکم کے مطابق ارسا میں سندھ سے وفاقی رکن کی تقرری ہوجائے گی۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں