پنجاب :5سال میں700جعلی وکلاکیخلاف مقدمات،219اشتہاری :صرف 2کو سزائیں
لاہور(محمداشفاق سے )پنجاب میں جعلی وکلا کی بھرمار،5سال میں 700جعلی وکلا کیخلاف مقدمات درج، 219 جعلی وکلا اشتہاری قرار ، صرف دو جعلی وکلا کو عدالتوں سے سزائیں ہوسکیں ،1500وکلا کا ریکارڈ پنجاب بار کونسل سے غائب ہونے پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں جعلی وکلا کی تعداد بڑھتی جارہی ہے اور آئے روز پنجاب بار کونسل کو شکایات درج کروائی جارہی ہیں ،بار کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق 2020سے 2025تک700جعلی وکلا کیخلاف پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں مقدمات درج کیے گئے جبکہ 219وکلا اشتہاری قرار دئیے گئے اور ابھی تک گرفتاری نہ ہوسکی جبکہ 5سال میں صرف دو وکلا کو ٹرائل کورٹ نے سزا دی جبکہ باقی کیسز ابھی تک زیر التوا ہیں اسکے علاوہ 1500 وکلا کا ریکارڈ پنجاب بار کونسل سے غائب کئے جانے پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ چیئرمین اینٹی کرپشن کمیٹی پنجاب بار ر کونسل منیر حسین بھٹی نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے کہاجعلی وکلا نے وکالت کے پروفیشنل کو بدنام کردیا ہے 700وکلا کے کیسز کو برق رفتاری سے نمٹانے کیلئے پراسیکیوٹر جنرل سے 5سپیشل پراسیکیوٹرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ ان تمام کیسز کی روزانہ سماعت ہوگی کسی جعلی وکیل سے رعایت نہیں ہوگی،عدالتوں سے سزائیں دلوائیں گے ، 15سو وکلا کا ریکارڈ پنجاب بار کونسل سے غائب ہونا لمحہ فکریہ ہے اس حوالے سے تحقیقات جلد مکمل ہونگی ، جن وکلا کا ریکارڈ نہیں، انہیں بذریعہ ایس ایم ایس، واٹس ایپ میسج پیغامات بھجوادئیے گئے ہیں کہ وہ اپنا ریکارڈ فوری پنجاب بار کونسل میں جمع کروائیں ۔