ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری عہدے سے مستعفی

 ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی  کامران لاشاری عہدے سے مستعفی

لاہور (عمران اکبر )ڈائریکٹرجنرل والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ،انہوں نے استعفیٰ چیئرپرسن والڈ سٹی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کو بھجوا دیا ۔

 روزنامہ دنیاکو موصول ہونے والے استعفیٰ کے متن کے مطابق کامران لاشاری نے لکھا کہ میرے لئے عزت کی بات ہے کہ میں نے ڈی جی والڈ سٹی کی ذمہ داریاں نبھائیں اور پوری امانتداری سے کوشش کی کہ پاکستان کے کلچر کو فروغ دیا جائے اوروطن کا مثبت چہرہ دکھایاجائے تاہم کچھ ذاتی وجوہات کی وجہ سے ذمہ داری جاری نہیں رکھ سکتا ،اس لئے سیکشن 6والڈ سٹی ایکٹ 2012کے تحت عہدے سے مستعفی ہورہاہوں ۔ذرائع کاکہناہے کہ کامران لاشاری نے مغلیہ دور کے شاہی قلعہ ، شالامار باغ ، قطب الدین ایبک کامزار اورمقبرہ جہانگیر آثار قدیمہ کو واپس دینے پر استعفیٰ دیاہے ،یہ چاروں تاریخی مقامات آثار قدیمہ 1950ایکٹ کے رولز میں ترمیم کے بغیر والڈ سٹی اتھارٹی کنٹرول سنبھال رہی تھی اور ہائیکورٹ نے انہیں واپس آثارقدیمہ کو دینے کا حکم جاری کیاتھا۔ذرائع نے بتایاکہ قدیمی لاہور کی بحالی کے لئے سرکلر روڈ پر تجاوزات کا خاتمہ اور 20فٹ اونچی پانچ کلو میٹر لمبی فصیل بنانے کا پلان کامران لاشاری نے دیا تھا اور اس پلان کو ترتیب دینے کے لئے لہر کے نام سے کمیٹی بنائی گئی جس کے پیٹرن ان چیف میاں محمد نوازشریف ہیں اوراس پلان کے لئے ہوم ورک مکمل ہے ۔ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری کا کہنا تھا کہ بھرا میلہ چھوڑ دینا ہی اچھا ہوتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں