فلورملزمالکا ن کا 25فیصد گندم کوٹہ خریدنے کی پابندی ماننے سے انکار
لاہور (عمران اکبر )محکمہ پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ اور فلور ملز میں ڈیڈ لاک پیدا ہو گیا ،پنجاب کے فلور ملز مالکان نے 25فیصد گندم کوٹہ خریدنے کی پابندی کو ماننے سے انکار کر دیا۔
محکمہ پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ نے فلور ملز گوداموں میں سٹوریج گنجائش کے 25فیصد کوٹہ رکھنے کا پابند کیا اور نہ رکھنے والی فلور ملز کا لائسنس کینسل کرنے کی پالیسی جاری کر دی جبکہ دوسری طرف فلور ملز کی طرف اعلامیہ جاری کیا گیا ہے کہ پالیسی بنانے سے پہلے ڈی جی فوڈ شعیب خان جدون سے مذاکرات ہوئے تو طے ہوا کہ فلور ملز روزانہ کی گرینڈنگ کا 25فیصد کوٹہ اٹھانے کی پابند ہوں گی نہ کہ گوداموں کی سٹوریج گنجائش کے 25فیصد کوٹہ اٹھائیں ۔ اس بڑی غلط فہمی پر فلورملز ایسوسی ایشن نے آج ایک بڑا اجلاس بلا کر پریس کانفرنس کرنے کا عندیہ دے دیا ہے ۔ مرکزی چیئرمین عاصم رضا کا کہنا ہے کہ فلور ملز بیچ بھی دیں تو روزانہ گودام سٹوریج گنجائش کا 25فیصد خرید نہیں سکتے ،وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل ہے کہ پالیسی میں ترمیم کی جائے ۔