مودی ووٹ کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتا:خواجہ آصف

مودی ووٹ کیلئے کسی بھی حد  تک جاسکتا:خواجہ آصف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا مودی پرانا وارداتیہ ہے ، ووٹ کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے ، مودی نے انتہا پسند ہندوؤں سے ووٹ لینے کی خاطر بائیس سو مسلمانوں کو قتل کیا۔ ہر 2،4 سال بعد وہ اس طرح کی کہانیاں گھڑتا ہے ۔

 وزیردفاع نے بھارت کو چیلنج کیا کہ وہ تحقیقات کے لیے کوئی بھی پینل تشکیل دے ، چاہے تو یورپی ممالک کو شامل کرے ، بھارت اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ بھارت میڈیا اور تقاریر میں الزام لگا رہا ہے ، مگر تحریری طور پر ابھی تک کوئی الزام نہیں لگایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ بھارت کا بیانیہ کمزور پڑتا جا رہا ہے اور پلوامہ واقعے کے بعد فالس فلیگ آپریشن کے بارے میں کئی قابلِ اعتبار آوازیں آئی ہیں۔وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے اپنی کارروائیوں اور الزامات میں کوئی ٹھوس شواہد نہیں دئیے ، اور اس کے بیانیے کی ساکھ مزید تار تار ہو رہی ہے ۔ انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ چین، امریکا اور برطانیہ کو بھی اس معاملے میں شامل کیا جا سکتا ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ٹونائٹ ود ثمر عباس میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا بھارت اگروزیراعظم کی پیشکش قبول کرتاہے تواچھی بات ہے ، ابھی ٹینشن کم نہیں ہوئی ہے ،بھارت کی طرف سے خطرہ ابھی بھی موجود ہے ، بھارت نے ایسے ہی ڈرامہ نہیں رچایا، چین ہمارا ہمسایہ ملک ہے ، چین سارے مسائل کو سمجھتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں