وزیر آباد میں عمران خان پر فائرنگ ، مجرم کو عمرقید کی سزا
گوجرانوالہ ،وزیرآباد(سٹاف رپورٹر،نمائندہ دنیا)گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیرآباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ریلی پر فائرنگ اور حملے کے کیس کے ملزم نویدبشیر کو مجموعی طور پر139سال قید کی سزا کا حکم سنادیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے 3 نومبر 2022 کو وزیرآباد میں ریلی کے دوران بانی پی ٹی آئی پر حملے کے کیس کی سماعت کی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی مجرم سوہدرہ کے رہائشی نویدبشیرکو 2 بار عمر قید کی سزا سنائی جبکہ دیگر ملزموں طیب بٹ اور وقاص کو بری کر دیا۔عدالت نے فائرنگ سے جاں بحق معظم کو قتل کرنے کے جرم میں ملزم نوید کو ایک مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی اورمقتول کے ورثا کو 5لاکھ روپے جرمانہ اداکرنے کاحکم دیاجبکہ دہشت گردی کا جرم ثابت ہونے پر ایک اور مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی اور5لاکھ روپے جرمانہ کیاگیا ۔مجرم کو چار شہریوں محمد لیاقت ، عمران یوسف، عمر فاروق اور اریب کو زخمی کرنے کے جرم میں مجموعی طور پر 89سال سزاسنائی گئی جبکہ زخمیوں کو لاکھوں روپے ادائیگی کرنے کا بھی حکم دیا ۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ مجرم نوید بشیر کو بانی پی ٹی آئی کو فائرنگ سے زخمی کرنے کے جرم میں سزا نہیں دی گئی، عدالت نے مقدمہ کے زخمی گواہ بانی پی ٹی آئی کی عدم پیروی پر حق صفائی ختم کردیا۔دوران سماعت عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو8مرتبہ بطور زخمی گواہ بیان ریکارڈ کروانے کا حکم دیا، بانی پی ٹی آئی کو متعدد بار اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر بھی پیش ہونے اور اپنا بیان ریکارڈ کروانے کا حکم دیا گیا ،عدالت کے بار بار حکم کے باجود بانی پی ٹی آئی نے بطور زخمی گواہ بیان ریکارڈ نہیں کروایا اور موقف اختیار کیا کہ وہ کونسل سے مشاورت اور وکلا کی موجودگی میں اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے ۔ یاد رہے کہ 3 نومبر2022 کو وزیرآباد میں لانگ مارچ کے دوران بانی پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ عمران خان سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے ، کارکنوں نے حملہ آور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیاتھا۔بانی پی ٹی آئی نے حملے کا الزام رانا ثنائاللہ، شہباز شریف اور ن لیگ کی قیادت پر لگایا تھا۔