چین پاکستان کیساتھ کھڑا ہوگیا، پہلگام واقعے کی آزادانہ تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں : چینی وزیر خارجہ کی اسحق ڈار سے گفتگو

چین پاکستان کیساتھ کھڑا ہوگیا، پہلگام واقعے کی آزادانہ تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں : چینی وزیر خارجہ کی اسحق ڈار سے گفتگو

اسلام آباد(وقائع نگار، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)پاکستان اور چین نے علاقائی امن واستحکام کے قیام، باہمی احترام اور مفاہمت کو فروغ دینے، یکطرفہ اقدامات اورتسلط پسندانہ پالیسیوں کی مشترکہ طورپر مخالفت کی ہے، سرکاری ریڈیو کے مطابق یہ اتفاق رائے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ہوا۔

گفتگو کے دوران اسحق ڈار نے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی کو خطے کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں بھارت کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے علاوہ پاکستان کے خلاف اس کے بے بنیاد پراپیگنڈے کو یکسر مستردکیا۔ جس پر چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے پہلگام واقعے کی منصفانہ اور بروقت آزادانہ تحقیقات کے لئے پاکستان کے جائز مطالبے کی حمایت کردی اور بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور پاکستان مخالف پراپیگنڈ ے کے بعد چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگیا ، چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر مضبوط موقف کی حمایت کی ،ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے پہلگام حملے کی وجہ سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان تناؤ کی صورت حال پر چینی ہم منصب کو آگاہ کیا ۔رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنے پختہ عزم پر قائم ہے بھارتی اقدامات سے صورت حال مزید خراب ہوسکتی ہے ،وانگ ژی نے حملوں کی منصفانہ اور بروقت تحقیقات کے لئے چین کی حمایت کا بھی اظہار کیا ، چینی وزیرخارجہ نے بدلتی صورت حال پر چین کی گہری توجہ کا اظہار کیا۔

وانگ ژی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،چین نے ہمیشہ پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف مضبوط موقف کی حمایت کی ۔چین اور پاکستان کی گہری دوستی اور سٹر ٹیجک شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات کو پوری طرح سمجھتا ہے اور اس کی خودمختاری اور سکیورٹی مفادات کے تحفظ کے لئے اس کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان تنازعات کسی بھی فریق کے بنیادی مفادات کے لیے فائدہ مند نہیں بلکہ یہ علاقائی امن و استحکام کے لیے بھی خطرہ ہیں۔وانگ نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ ضبط کا مظاہرہ کریں، بات چیت میں حصہ لیں اور کشیدگی کم کرنے اور علاقے میں استحکام کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں۔پاکستا نی وزارت خاجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کو موجودہ علاقائی صورتحال کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔نائب وزیر اعظم نے چین کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے پاک چین دوستی اور سٹر ٹیجک پارٹنرشپ کے مشترکہ ویژن کے لئے پاکستان کے مستحکم عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔دریں اثنا وزیر خارجہ نے برطانوی سیکر ٹر ی خارجہ سے رابطہ کرکے انہیں بھی خطے کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے بھارت کے جھوٹے الزامات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیتے ہوئے اپنے قومی مفادات کے دفاع کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی سیکر ٹر ی خارجہ نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو مسائل کا حل بات چیت سے نکالنا چا ہئے ۔ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے فعال رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں