پہلگا م واقعہ پر وزیراعظم کی جاتی امرا میں نوازشریف کو بریفنگ

لاہور،اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے، نامہ نگار)وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی ملاقات کے درمیان مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں پیش آنے والے واقعہ کو پری پلان ڈرامہ قرار دے دیا گیا۔
شہباز شریف نے اپنے بھائی اور پارٹی صدر نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا لاہور میں ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے انہیں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے نواز شریف کو پہلگام واقعہ کے پس منظر میں بھارت کی جانب سے اشتعال انگیز کارروائیوں پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔شہباز شریف نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کردیا کہ پہلگام واقعہ پری پلان ڈرامہ ہے، پڑوسی ملک ماضی میں بھی اس طرح کے مختلف ڈرامے کرچکا ہے جبکہ ملک کا مستقبل روشن ہے اور ہم جاگ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے فیصلے جنگی حالات میں بھی نہیں کئے گئے ، بھارت نے جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے ، ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں ۔بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی فنانس کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین زیک ویٹکوف کی سربراہی میں وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں، پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ملک میں کرپٹوکرنسی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔