چائنا فلم فیسٹیول کا انعقاد فلم انڈسٹری کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا : عظمیٰ

لاہور(نمائندہ دنیا)وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ لاہور میں چائنا فلم فیسٹیول کا انعقاد پاکستان کی فلم انڈسٹری کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ چین کی پاکستان کے دیگر شعبوں کی طرح فلم انڈسٹری میں شراکت داری قابل تحسین ہے۔
پنجاب حکومت دیگر شعبوں کی طرح فلم انڈسٹری کو بھی ترقی کرتے دیکھنا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ چائنا فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مل کر فلم اور کلچر کے میدان میں بڑے پیمانے پر کام کر سکتے ہیں اور یہ تعاون دونوں اقوام کو مزید قریب لائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت فلم انڈسٹری کے احیاء کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور اس مقصد کے تحت آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔پاکستان اور چین مشترکہ طور پر فیچر فلمیں اور اینی میشن فلمیں بنا سکتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے لاہور اور شنگھائی میں مشترکہ فلم فیسٹیول کے انعقاد کی بھی تجویز دی، جس کے ذریعے دونوں ملکوں کے لوگ ایک دوسرے کی ثقافت کو مزید قریب سے جان سکیں گے اور باہمی تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گزشتہ روز سندس فاؤنڈیشن لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تھیلی سیمیا کے مریض بچوں کی عیادت کی، ان کے ساتھ وقت گزارا اور ان میں تحائف تقسیم کیے ۔ اپنے دورے کے دوران عظمیٰ بخاری نے بچوں پر دستِ شفقت رکھا اور ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے سندس فاؤنڈیشن کے تحت زیرعلاج ایک بچی کومریم نواز کی جانب سے خصوصی طور پر سکوٹی کا تحفہ بھی پیش کیا، جس پر بچے اور ان کے اہل خانہ نے خوشی کا اظہار کیا۔ عظمیٰ بخاری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت تھیلی سیمیا سمیت دیگر مہلک بیماریوں کے شکار بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔