مبینہ مقابلے، سی سی ڈی نے 7 زیر حراست ملزم مار ڈالے

مبینہ مقابلے، سی سی ڈی نے 7 زیر حراست ملزم مار ڈالے

لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی ڈی پولیس نے گزشتہ 6 روز کے دوران مبینہ پولیس مقابلوں میں 7 زیر حراست ملزموں کو ہلاک کر دیا۔ گزشتہ ایک ہی رات میں سی سی ڈی نے تین مبینہ پولیس مقابلے کئے۔

تمام مبینہ پولیس مقابلے رات کے پچھلے پہر اور تمام کی ایک ہی سٹوری بتائی گئی ۔مارے جانے والے ملزم جسمانی ریمانڈ پر تھے ۔مارے جانے والوں کا الزام ان کے ساتھیوں پر ڈالا گیا ۔ پہلا مبینہ مقابلہ گزشتہ رات ایک بجے شفیق آباد کے ویرانے میں ہوا جس میں مبینہ ڈاکو اظہر کو مارا گیا۔ دوسرا مقابلہ چوہنگ میں گزشتہ رات ڈیڑھ بجے ہوا جس میں مبینہ ملزم شہزاد کو مارا گیا ۔تیسرا مقابلہ گزشتہ رات دو بجے ہوا جس میں نشتر کالونی میں مبینہ ملزم ارشد کو مارا گیا ۔تینوں مقابلوں میں کسی پولیس اہلکار کو خراش تک نہیں آئی ۔گزشتہ ہفتے بھی مارے جانے والے تمام ملزموں کی کہانی بھی ایک ہی تھی۔سارے ملزمان ریمانڈ پر تھے جنہیں وقفوں وقفوں کے بعد مارا گیا ۔سب چند روز قبل قائم ہونے والے سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ کی تحویل میں تھے ۔ایس پی سی سی ڈی کے مطابق سی سی ڈی کی طرف سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ ڈاکوؤں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے ۔حفاظت خود اختیاری کے تحت کارروائی کرتے ہوئے انکو ہلاک کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں