بھارت سے تجارت معطلی پاکستان کی دوا ساز صنعت شدید دبا ؤکا شکار، ایمرجنسی پلان نافذ

بھارت سے تجارت معطلی پاکستان کی دوا ساز صنعت  شدید دبا ؤکا شکار، ایمرجنسی پلان نافذ

کراچی(این این آئی)پہلگام حملے کے بعد بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات کی معطلی سے پاکستان کی دوا ساز صنعت شدید دبا ؤکا شکار ہو گئی۔

پاکستان کیمِسٹس اینڈ ڈرگسٹس ایسوسی ایشن نے دوا سازی کے لیے خام مال کے متبادل ذرائع جلد از جلد تلاش کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان نے گزشتہ سال بھارت کے ساتھ 30 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کی دواسازی کی تجارت کی تھی۔کیمِسٹس اور ڈرگسٹس نے کہا ہے کہ اینٹی ریبیز ویکسین، سانپ کے کاٹنے کے تریاق، کینسر کے علاج، اور دیگر بائیولوجیکل مصنوعات کی ادویات چین، انڈونیشیا، ملائشیا اور یورپ جیسے ممالک سے درآمد کی جا سکتی ہیں تاکہ بلاتعطل دستیابی یقینی بنائی جا سکے ۔پی سی ڈی اے کے چیئرمین سمیع اللہ سامد نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان پر زور دیا ہے کہ نئے ذرائع سے اعلیٰ معیار کی ادویات کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ مقامی طلب پوری کی جا سکے ۔دوسری جانب پاکستانی محکمہ صحت نے بھارت سے تجارت معطل ہونے کے بعد ایمرجنسی تیاری کے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین توقیر الحق نے کہا، ہم نے حکام سے درخواست کی ہے کہ دوا سازی کے شعبے کو تجارتی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے کیونکہ کئی جان بچانے والی مصنوعات کا خام مال صرف بھارت سے آتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں