اسحاق ڈارکا قطری وزیراعظم سے رابطہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیرعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قطر کے وزیراعظم ووزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے رابطہ کرکے بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ قطری وزیراعظم نے ریاستوں کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار نے قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے قطری وزیراعظم کو بھارت کی بے بنیاد اشتعال انگیز بیان بازی اور یکطرفہ اقدامات اور پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کی توثیق کی اور خطے کی بدلتی صورتحال پر قریبی رابطے اور مشاورت برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ادھرترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اقدام کا جائزہ لیا گیا۔