ڈیجیٹل والٹ دائرہ کارکو ملک بھر میں توسیع دینگے ، وزیراعظم

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مستحق افراد کو شفاف ادائیگیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل والٹس کے جدید نظام سے 79 فیصد رقوم ڈیجیٹل طریقے سے مستحقین تک پہنچائی گئیں۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رمضان ریلیف پیکیج کی کامیابی اور مستحقین تک رقوم کی ڈیجیٹل فراہمی کے لئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی پذیرائی کے لیے خصوصی تقریب وزیراعظم ہائوس میں ہوئی جس میں شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا رمضان ریلیف پیکیج کی کامیابی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ مستحق افراد کا وقار برقرار رکھتے ہوئے شفاف انداز میں ادائیگیاں کی گئیں ۔وزیراعظم نے کہا ڈیجیٹل والٹ کے دائرہ کار کو ملک بھر میں توسیع دیں گے ، مربوط نظام کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے عمل میں صوبوں کو بھی شامل کریں گے ۔وزیراعظم نے پیکیج کے نفاذ میں اہم کردار ادا کرنے والے سرکاری اور نجی اداروں کے افسروں کو اعزازی شیلڈز دیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے چین میں پاکستانی طلبا و طالبات کو زراعت کے شعبے میں جدید تربیت کے پروگرام کی نگرانی کیلئے مقررہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پراجیکٹ ڈائریکٹر صائمہ نورین نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کہا صائمہ نورین کا عوامی خدمت کا جذبہ سرکاری افسروں کیلئے قابل تقلید ہے، ان کا طلبا کے ساتھ چین جانا اور ان کے مسائل کو حل کرکے انہیں چینی یونیورسٹی میں قیام تک کے تمام انتظامات کی خود نگرانی کرنا قابل ستائش ہے۔