بھارت خوارج کا سرپرست ،’’را‘‘پہلگام حملے کی منصوبہ ساز

بھارت خوارج کا سرپرست ،’’را‘‘پہلگام حملے کی منصوبہ ساز

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے خوارج کی سرپرستی کررہا ہے ،خوارج گروہوں کی ایک آڈیو لیک نے اس سرپرستی کا بھانڈا پھوڑ دیا جبکہ خفیہ دستاویزات منظر عام پر آنے سے یہ بھی ثابت ہوگیاکہ پہلگام حملے کی منصوبہ بندی بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘نے کی تھی ۔

تفصیلات کے مطابق دوخوارج گروہوں کے نمائندوں کا آڈیو کلپ سامنے آیا ہے جس میں افغانستان میں موجود ایک خوارجی ’’انس‘‘شمالی وزیرستان میں موجود اپنے دوسرے دہشتگرد ساتھی’’ابوذَر‘‘ کو بتا رہا ہے کہ ایک را ایجنٹ کے کہنے پر خوارج نے پہلے سے اعلان شدہ دہشت گرد گروہ کا نام تبدیل کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔مذکورہ گروہ’’تحریک طالبان غزوہ ہند‘‘کہلاتا تھا مگر اس کا نام بھارت مخالف ہونے کے باعث را ایجنٹس نے اسے بدلنے کا کہا۔اس سے قبل مارچ 2025 میں انقلابِ اسلامی پاکستان (میڈیا سیل ، صدائے غزو ہند)کے نام سے ایک نیا گروہ سامنے آیا، جسے اپریل 2025 میں بھارتی را کے ہینڈلر کی ہدایت پر ’’اتحاد المجاہدین پاکستان ‘‘ کا نام دے دیا گیا۔اس گفتگو میں خوارج سنائپر ہتھیاروں اور دیگر سازوسامان کی دستیابی پر بھی بات کرتے ہیں تاکہ سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جا سکے ۔یہ ثبوت واضح طور پر اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ را کو خوارج دہشتگرد گروہوں پر بڑا اثر و رسوخ حاصل ہے اور ان دہشتگردوں کو افغانستان کے ذریعے پاکستان میں بدامنی اور دہشت پھیلانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے ۔’’را‘‘ نہ صرف خوارج کو مالی اور مادی امداد فراہم کرتی ہے بلکہ عملی طور پر ان کی رہنمائی کرتی ہے اور ان کے کردار و اہداف بھی خود متعین کرتی ہے ۔

دوسری طرف خفیہ دستاویزات میں را کے تخریبی منصوبوں کا انکشاف ہواہے اور’’را‘‘ہی پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی منصوبہ ساز نکلی،یہ دستاویزسوشل میڈیا ایپلی کیشن ’’ٹیلی گرام‘‘کے ذریعے لیک ہوئی جو پہلگام حملے میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کا بھی واضح ثبوت ہے ۔دستاویزمیں دی گئی ہدایات اور منصوبے پر عملدرآمد میں تضاد فالس فلیگ کا باعث بنا۔ دستاویز میں ہدایت دی گئی کہ پاکستان مخالف بیانیہ میڈیا پر 36 گھنٹے کے بعد بنانا ہے ، آئی ایس آئی پر یہ الزام 36 گھنٹے کے بعد ڈالنا ہے جبکہ میڈیا نے فالس فلیگ آپریشن کا فوری الزام پاکستان پر عائد کرکے منصوبہ خراب کردیا۔ذرائع کے مطابق دستاویز اور ان تضادات سے واضح ہوتا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کو بھی کوئی ہدایات دیتا ہے ، دستاویز کا یوں سوشل میڈیا پر آنارا کے اندر ہندوتوا مخالف سوچ کا بھی شاخسانہ لگتا ہے ۔ بھارتی حکومت دستاویز کے سوشل میڈیا پر لیک ہونے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔Psy Ops نا م سے لیک ہونیوالی دستاویزمیں

واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ واقعہ کا بیانیہ یوں مرتب ہو کہ یہ ریاست سمیت غیر مسلموں پر حملہ بن کر ابھرے ،دستاویز میں کارروائی کیلئے ضلع اننت ناگ کا بھی کہا گیا۔ دستاویز کے مطابق سیاحوں کی آمد و رفت کی نگرانی کے بہانے خاص جگہوں پر اپنے فیلڈ آپریٹرز تعینات کئے جائیں گے ،حملے کے 2 سے 4 گھنٹے کے اندر اے آئی سسٹم کے تحت گواہوں کے بیانات لئے جائیں گے ، دھندلی ویڈیوز کی مدد سے واقعہ کی تصویریں دوبارہ بنائی جائیں گی۔ مرکزی ہیش ٹیگ کی بجائے 200 سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے غلط معلومات کی مہم چلائی جائے گی اور آئی ایس آئی پر الزام ڈالنے کیلئے ٹرینڈز کو بغیر کنٹرول کے پھیلایا جائے گا۔ بحث کا رخ کشمیر سے ہٹا کر عالمی اسلامی سازشوں کی طرف موڑنے کی کوشش کی جائے گی،شمالی کمان حملے کی جگہ کے قریب سے ملنے والی خط و کتابت کو آئی ایس آئی سے منسلک کرے گی اور فرانزک انداز میں آئی ایس آئی کی مبینہ دستاویزات لیک کرے گی۔ آپریشن کو امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سفارتی موجودگی کے مطابق ترتیب دیا گیا جبکہ متبادل منصوبے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شوپیاں میں متبادل نظام فعال کر دیا گیا ہے ، لیک ہونے کی صورت میں متبادل پلان کے طور پر کام ہو گا۔دستاویز کے مطابق ایل او سی پر پاکستان کی تیز پیش قدمی بھارت کے کنٹرول کو چیلنج کر سکتی ہے ،1.3 کلومیٹر حد کی خلاف ورزی اقوام متحدہ یا چین کی ثالثی کو دعوت دے سکتی ہے ، لہٰذا بھارتی پیش قدمی کو 1.2 کلومیٹر تک محدود رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں