عوام کو جوابدہ ہوں،انہیں مشکل میں نہیں دیکھ سکتی:مریم نواز

عوام کو جوابدہ ہوں،انہیں مشکل میں نہیں دیکھ سکتی:مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاہے کہ ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں تاخیر سے عوام کی روزمرہ زندگی متاثرہوتی ہے ، خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہوں، انہیں مشکل میں نہیں دیکھ سکتی۔

مریم نواز نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس میں سینئر منسٹر اور چیف سیکرٹری کو لاہور ڈویلپمنٹ کی بروقت تکمیل کا ٹاسک سونپ دیا ،انہوں نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے لئے ماہانہ ٹائم لائن مقررکرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے پراجیکٹس کا تصویری معائنہ بھی کیا۔میونسپل کارپوریشن لاہور کی 3705 اور واسا کے زیر اہتمام230 سٹریٹس کی تعمیر و بحالی کے لئے 30جون کی ڈیڈ لائن جبکہ واسا ورکس کے لئے 1573 گلیوں کی تعمیر و مرمت کے لئے 31جولائی کی حتمی ڈیڈ لائن مقررکر دی گئی۔لاہور ڈویلپمنٹ پلان فیز ٹو میں علامہ اقبال، عزیز بھٹی اور واہگہ ٹاؤن میں گلیوں کی تعمیر ومرمت اور دیگر پراجیکٹ شامل کئے گئے ہیں۔ بعدازاں مریم نواز سے نیدرلینڈز کی پاکستان میں سفیر ہینی ڈی ویریس نے ملاقات کی،ان کے ساتھ ڈچ ہاکی لیجنڈ فلورِس یان بوویلینڈر اورپاکستانی فٹبالر کائنات بخاری بھی موجود تھیں ۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی فلاح پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں،تاریخی طور پر پاک نیدرلینڈ تعلقات تجارت، زراعت، تعلیم اور استعداد کار میں قابلِ قدر فروغ کا باعث بنے ہیں۔سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنائیں گے ، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم 2.3 ارب ڈالر تک پہنچنا قابل اطمینان ہے ۔پاک نیدر لینڈ کے مابین معاشی تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ہاکی اور کرکٹ جیسے کھیل پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان مشترکہ جذبے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔فلورِس یان بوویلینڈر کا لاہور میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنا قومی کھیل ہاکی کو مزید تقویت بخشے گا۔انہوں نے کائنات بخاری نوجوان لڑکیوں کیلئے رول ماڈل قرار دیا۔وزیراعلیٰ کا کہناتھاکہ بطور پہلی خاتون وزیراعلیٰ، خواتین کی شمولیت اور قیادت کو فروغ دینا میری اولین ترجیح ہے ۔ کھیلتا پنجاب پروگرام سے حکومت پنجاب کھیلوں کی سہولیات کو ضلع،تحصیل اور گاؤں کی سطح پر فروغ دے رہی ہے ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنایا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں