لاہور سمیت مختلف شہروں میں30اسرائیلی ساختہ بھارتی ڈرون تباہ،ہمارا حملہ دنیا دیکھے گی:ترجمان پاک فوج

لاہور سمیت مختلف شہروں میں30اسرائیلی ساختہ بھارتی ڈرون تباہ،ہمارا حملہ دنیا دیکھے گی:ترجمان پاک فوج

اسلام آباد(اے پی پی،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے لاہور ،راولپنڈی ،کراچی،گوجرانوالہ سمیت مختلف شہروں میں دراندازی کرنے والے 30 بھارتی ڈرون گرا دئیے گئے ،اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرون کے حملوں میں 3 معصوم شہریوں کی شہادت ہوئی، 4 جوان زخمی ہوئے ، بھارت کے 15 مقامات پر پاکستانی حملوں کی بھارتی خبر جھوٹ کا پلندہ ہے ،

 مودی سرکار اپنے فائدے کیلئے ڈراما کر رہی ہے ، پاکستان حملہ کرے گا تو پوری دنیا دیکھے گی اور اس کی گونج بھی سنائی دے  گی،2019 میں ہم نے چائے پلائی تھی اب بھجوائی ہے ۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا امرتسر میں بھارتی فوج نے خود اپنی تنصیبات کو نشانہ بنایا، آدم پور سے پروجیکٹائل خود انہوں نے فائر کیے ۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا بھارت کا 15 مقامات پر حملے کا الزام مضحکہ خیز ہے ، بھارت کہتا ہے پاکستان نے اس پر میزائل داغے ، جہاں یہ میزائل گرے وہاں خشک گھاس پڑی ہے ، کم از کم اس میں آگ ہی لگا دیتے ،کوئی بھی میزائل جب چلایا جاتا ہے تو وہ اپنے ڈیجیٹل نشانات چھوڑتا ہے ، اگر 15 مقامات پر حملہ کیا جاتا تو اس کے شواہد ضرور ہوتے ۔انہوں نے کہا آدم پور سے 4 میزائل فائر ہوئے ان میں سے ایک پروجیکٹائل (میزائل)انہوں نے خود امرتسر میں گرایا، باقی 2 بین الاقوامی سرحد عبور کرکے پاکستان میں داخل ہوئے ان میں سے ایک کو ڈنگہ میں مار گرایا گیا جس کا فرانزک کیا جارہا ہے ۔بھارتی میڈیا پر جعلی تصاویر اور ویڈیوز چلائی جارہی ہیں، امرتسر میں بھارتی تنصیبات کو بھارتی میزائلوں نے ہی نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ مشرقی سرحد پر ہماری گہری نظر ہے اور ہر متحرک شے کو مانیٹر کیا جا رہا ہے اور اسے گرایا جارہا ہے جب کہ گزشتہ شب اس طرح کے 3 میزائل بھارت نے خود اپنی حدود میں امرتسر میں گرائے ۔انہوں نے کہا آخر کب بھارت اپنے سینما کی فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں آئے گا؟ پاکستان بھارت سے آنے والی ہر شے کو مانیٹر کر رہا ہے ، گرائے جانے والے بھارتی ڈرونز کا فرانزک معائنہ کیا جا رہا ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا بھارت کے اسرائیلی ساختہ 30 ڈرونز گرائے گئے جن میں سے صرف ایک اپنے ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکا جس میں کچھ آلات کو نقصان پہنچا، ڈرون حملوں میں 3 معصوم شہریوں کی شہادتیں ہوئیں، 4 جوان زخمی ہوئے ۔

انہوں نے کہا بھارت ڈراموں کے ذریعے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے ، 2019 میں انہوں نے چائے یہاں آکر پی تھی اس بار ہم نے چائے وہاں بھجوائی۔ترجمان پاک فوج نے کہا پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں ہے ، ہمیشہ حق کی فتح ہوئی ہے اور حق ہی کی فتح ہوگی، پاکستانی عوام مطمئن رہیں بھارت یہاں بے چینی پھیلانا چاہتا ہے ، ہم چوکس ہیں کچھ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا ہم ایمان کی قوت سے اتنے عرصے سے فتنہ الخوارج اور دہشت گردوں سے جنگ لڑ رہے ہیں، اس فوج کے پیچھے اس کے عوام کھڑے ہیں ۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا یہ دشمن فوجی یا شہری کی تمیز نہیں کرتا، اگر ان کا اتنا ہی سسٹم شاندار ہے تو 6 مئی کی رات کو دکھاتے ، 5 جہاز آپ کے کیسے گر گئے ؟ آپ کو پتا تھا جواب آئے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا بھارتی ڈرونز کا ملبہ ہم نے مختلف جگہوں سے اٹھایا، بھارتی جنگی جہازوں کا ملبہ خود بھارت نے اٹھایا۔انہوں نے کہا ایک بھارتی ڈرون کا رُخ ننکانہ صاحب کی طرف تھا، بھارت ایسا کیوں کر رہا ہے ؟ وہ سمجھ نہیں سکتے یہاں لوگ ان پر ہنس رہے ہیں۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جو یکسر ناقابل قبول ہے ، ہم نے یہ ڈرون بھی مار گرایا، سوال یہ ہے بھارت مذہبی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے ؟۔انہوں نے کہا بھارتی میڈیا میں انجینئرڈ جنگی جنون نظر آرہا ہے لیکن پاکستان میں لوگ اپنے نارمل انداز میں بیٹھے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا لاہور کے علاوہ گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب بھارتی ڈرون گرائے گئے ۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا بھارت نے کوئی بھی مہم جوئی کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستانی مطمئن رہیں، پاک فوج عوام کو مایوس نہیں کرے گی، پاکستان نے بھارتی پنجاب میں کسی بھی شہری علاقے میں کارروائی نہیں کی، بھارت کے پاس سندھ طاس معاہدہ کو معطل کرنے کی قانونی گنجائش نہیں ہے ، ایک ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان نے ہرممکن سٹراٹیجک احتیاط کا مظاہرہ کیا ہے ۔ اسحاق ڈار نے کہا پاکستان بھارتی جارحیت کا اپنے طے کردہ وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، بھارت نے کوئی ایڈونچر کیا تو ہماری آرمی، نیوی اور فضائیہ الرٹ ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پر حملہ کرکے بھارت نے پاکستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی جان خطرے میں ڈال دی، بھارت کا فوجی تنصیبات پر حملے کا دعوی ٰسفید جھوٹ ہے ۔ انہوں نے کہا قوم مطمئن رہے ، حکومت اور افواج پاکستان اپنا فرض ذمہ داری سے نبھائیں گی۔ نائب وزیراعظم نے کہا پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لئے پر عزم ہے ، پاکستان میں داخل ہونے والے بھارتی ڈرونز پاک فوج نے مار گرائے ۔ انہوں نے کہا اس سے قبل مسلح افواج نے بھارت کے 5 جنگی طیاروں کو مار گرایا جو بھارت سے ہضم نہیں ہو رہا ۔ انہوں نے کہا بھارت کے کئی ڈرونز نے پاکستان کی حدود کی خلاف ورزی کی، وہ اپنی خفت مٹانے کیلئے یہ حرکتیں کر رہا ہے ۔ نائب وزیراعظم نے کہا پاک فضائیہ کے شاہینوں نے کامیابی سے 80 بھارتی جنگی طیاروں کا مقابلہ کیا۔دریں اثنائنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی مشیروں کے دفاتر کے درمیان رابطے ہوئے ہیں۔برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی مشیروں کے دفاتر میں رابطہ ہو چکا ہے ۔

پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن کام کر رہی ہے ۔اس سے پہلے ترک میڈیا کو انٹرویو میں بھی اسحاق ڈار نے تصدیق کی تھی پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان رابطہ ہوا ہے ۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے جو کچھ کیا ہے وہ ناقابلِ معافی ہے ۔وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے رات گئے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر بتایا پاکستان کے ایئر ڈیفنس نے بہاولنگر میں بھارت کی جانب سے بھیجا گیا ایک اور اسرائیلی ساختہ ڈرون گرادیا۔اس ڈرون کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنانے کے بعد پاکستان کی جانب سے بھارت کے گرائے جانے والے ڈرونز کی تعداد 30 ہوگئی ۔رپورٹ کے مطابق پاک فوج نے سوفٹ اور ہارڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بھارت کے 30 ہیروپ ڈرون گرائے ۔معلوم ہوا ہے لاہور میں والٹن روڈ پر 2 ڈرون اور ڈیفنس میں ایک گرایا گیا ،لاہور میں ڈرون حملے میں 4 جوان زخمی ہوئے ۔ کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ اور گلشن حدید میں 2 ڈرون گرائے گئے ۔گھوٹکی کے گائوں سرفراز لغاری میں ڈرون تباہ ہونے کے بعد گرنے سے مختیار نامی کسان شہید ہوگیا۔راولپنڈی میں 3 جاسوس ڈرون مار گرائے گئے ، راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے قریب دکان پر ڈرون گرا، گیٹ نمبر 05 کے قریب توقیر عباس اور حیدر علی ڈرون گرنے سے زخمی ہوگئے ۔بعد ازاں زخمی ہونیوالا شہری دم توڑ گیا۔ذرائع کے مطابق ڈرونز فوڈ سٹریٹ، ریس کورس ٹرانزٹ کیمپ اور سکیم تھری کے قریب گرے ۔گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں 2 ڈرون مار گرائے گئے ۔چکوال کے تھانہ ڈوہمن کی حدود میں مبینہ طور پر بھارت کا جاسوس ڈرون کھیتوں میں گر کر تباہ ہوگیا۔

بہاولپور کے قریب چولستان ،اٹک،ننکانہ میں بھی ڈرون گرائے جانے کی اطلاع ملی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اٹک کے علاقے ڈھوک اعوان میں فورسز نے بھارتی ڈرون مارگرایا، ڈرون کا ملبہ گرنے سے محبوب نامی شہری شہید ہوا۔نارووال میں شہریوں نے بھارتی جاسوس ڈرون کو پکڑلیا۔گوجرانوالہ میں پاک فوج کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے بروقت کارروائی کر کے اسرائیلی ساختہ 2بھارتی ڈرونز فضا میں ہی تباہ کردئیے ،ڈرونز کا ملبہ فوج نے اپنی تحویل میں لے لیا،دھماکوں کی آواز سے شہری گھروں سے باہر نکل آئے ۔ ایک ڈرون تھانہ اروپ کے علاقہ چک خضری اور دوسرا واہنڈوکے علاقہ ٹوکریاں کے کھیتوں میں گرا، جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔نارنگ منڈی کے سرحدی گائوں میں پاک فوج نے بھارتی ڈرون مارگرایا۔مقبول پور کے قریب ڈرون سرحد پر چکر لگارہا تھاوہ جونہی سرحدپار کرکے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہواپاک فوج نے کارروائی کرکے اسے فضاہی میں اڑا دیا۔ ڈرون کی باقیات کو قبضہ میں لیکر فرانزک تجزیہ کیلئے بھیج دیاگیا۔شاہکوٹ کے نواحی گائوں دھارووالی میں بھارتی ساختہ ڈرون گرکر تباہ ہوگیا۔عینی شاہدین کے مطابق ڈرون گرنے سے احمد نامی نوجوان زخمی ہوا ۔بھارت کا جاسوس ڈرون ظفروال کے سرحدی گاؤں بھولیاں سے پکڑ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق یہ ڈرون پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مشکوک انداز میں پرواز کر رہا تھا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے ڈرون کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ شیخوپورہ کے نواحی گائوں باہومان میں علی الصبح بھارتی ڈرون دیکھاگیاتو پاکستانی فورسز نے اسے مار گرایا۔گائوں کے کھیتوں سے ڈرون کاملبہ مل گیا۔

ادھر پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے پانڈو سیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی پر موثر اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہیڈکوارٹر کو تباہ کردیا جبکہ بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر نانگا ٹک کو شدید نقصان پہنچا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق حاجی پیر سیکٹرمیں پاکستان نے بھارتی فوج کے خلاف موثرجوابی کارروائی کی اور بھارتی فوج کی جھنڈا زیارت پوسٹ کو تباہ کر دیا۔جھنڈا زیارت پوسٹ کی تباہی سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پانڈو سکیٹر میں پاکستان نے بھارت کو جارحیت پر منہ توڑ جواب دیا۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے پہلے بھی پاک فوج کی کارروائی سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا جبکہ بھارتی فوج کو کئی چیک پوسٹوں پر سفید جھنڈا بھی لہرانا پڑا ۔ بھارتی فوج نے لیپہ سیکٹر میں سول آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کی جس سے ایک گھر، سکول، ہسپتال،محکمہ جنگلات کی چیک پوسٹ کو نقصان پہنچا ۔بھارتی فائرنگ و گولہ باری کے بعد پاک فوج نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا جس کے بعد بھارتی گنوں کو سانپ سونگھ گیا ۔بھارتی گولہ باری و فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ مقامی لوگوں نے دوسری رات بھی مورچوں میں جاگ کر گزاری،پاک بھارت کشیدگی کے باعث جہلم ویلی کے تعلیمی ادارے دوسرے روز بھی بند رہے ۔

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے بھارت کی جانب سے پاکستان میں ڈرون حملوں کے بعد جوابی کارروائی یقینی ہوگئی ہے ، پاکستان جواب میں بھارت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔ برطانوی خبررساں ادارے سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ کشیدگی میں کمی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی اور پاک بھارت تنازع بند گلی میں داخل ہورہا ہے ۔ وزیردفاع نے بھارتی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ڈرونز سے لاہور کے دفاعی نظام کو کوئی نقصان نہیں ہوا، امریکا پاکستان اوربھارت کے 

 درمیان کشیدگی میں کمی کیلئے بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے ۔دریں اثنا امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ بھارت فرانس کا طیارہ استعمال کرسکتا ہے تو ہم بھی چین اور روس سے خرید سکتے ہیں، تصادم پھیل کر کھلی جنگ کی صورت اختیار کرنے کا خدشہ ہے ، امن کے خواہاں ہیں لیکن اگر جنگ ہوئی تو مکمل تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ جے ایف 17 اور جے 10 طیارے اب پاکستان میں بنائے جاتے ہیں۔ عالمی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ واقعہ کا ذمہ دار کون ہے ۔ خواجہ آصف نے دوٹوک پیغام دیا کہ پاکستان کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتا لیکن بھارت صورتحال مزید سنگین بنائے جارہا ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ایک مکمل جنگ کیلئے بھرپور طریقے سے تیار ہے ۔ روس کے خلاف جنگ میں امریکا کے ساتھ کھڑے ہونا پاکستان کی غلطی تھی، افغانستان میں سپر پاورز کی جنگ سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں تھا، سراج الدین حقانی پر 2 سے 3 ماہ پہلے تک انعام مقرر تھا مگر آج وہ آزاد ہے ، لوگوں کو دہشت گرد قرار دے کر بعد میں واپس لینے کا ذمہ دار کون ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان نے ایل او سی پر بھارت کا پورا بریگیڈ ہیڈکوارٹرز تباہ کردیا، 40 سے 50 بھارتی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں، پاکستان نے 30 ڈرونز تباہ کئے ہیں جن میں سے کچھ جام کرکے اور کچھ کو ہٹ کرکے تباہ کیا۔

دشمن آپ کے خلاف بہترین ٹیکنالوجی لاتا ہے ، یہ سمجھتے تھے کہ خدانخواستہ پاکستان کا بہت نقصان کردیں گے مگر افواج پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا ہے ، یہ رافیل طیارے نہیں گرے بلکہ بھارت کا غرور اور ناز گرا ہے ، پہلی دفعہ چائے پلائی تھی اس دفعہ بھی چائے تیار تھی مگر دشمن بھاگ گیا اس لئے ہوم ڈلیوری کی ہے ۔بھارتی چوکیوں پر سفید پرچم لہرائے گئے تو پاکستان کی فتح کا اعلان کردیا گیا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ ان کی وجہ سے دنیا کو پیغام گیا کہ ہم ایک ہیں، بھارت کا اپنا ڈرون سکھوں کے گورودوارہ میں گرا ، بھارت کا مقصد سکھوں کو پاکستان کے خلاف کرنا ہے ، پاکستان نے بھارت کو جواب دیا ہے اور دے بھی رہا ہے ، بھارت نے آغاز کردیا ہے اب وقت جگہ اور ٹارگٹ کا تعین ہم کریں گے ، رافیل کے بعد اسرائیلی ساختہ بھارتی ڈرونز بھی تباہ کیے گئے ہیں اور ان ڈرونز کا ملبہ ہمارے لئے وار ٹرافی ہے ۔ سویلینز پر حملہ کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ مسلح افواج کو جواب دینے کا مکمل اختیار دے دیا گیا ہے ،بھارت کو جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ دشمن کو کب، کہاں اور کیسے جواب دینا ہے ، یہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں،قوم یقین رکھے بھارت کو منہ توڑ جواب ضرور دیا جائے گا، پاکستان نے سفارتی جنگ میں بھی بھارت کو شکست دی ہے ، پاکستانی عوام ہمیشہ ایسی مشکل صورتحال میں اکٹھے ہوکر مقابلہ کر تے ہیں ، یہ 5 انگلیاں مل کر دشمن کے منہ پر زور دار مکا ثابت ہوتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں