مودی ہارے جواری کی طرح تقریر کررہاتھا : خواجہ آصف

اسلام آبا(دنیا نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم مغربی اور مشرقی سرحد پر حالت جنگ میں ہیں، دونوں سرحدوں پر حریف ہندوستان ہے، جتنا بڑا سرٹیفائیڈ دہشتگرد مودی ہے دنیامیں ایسا کوئی نہیں، پاکستان میں بی ایل اے جیسی تنظیمیں بھارت کی پیدا کردہ ہیں۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں خواجہ آصف نے بڑا انکشاف کرتے کہا نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا باضابطہ کوئی اجلاس نہیں بُلایا گیا تھا،نیوکلیئر کا استعمال ساری دُنیا کیلئے تھریٹ تھا، میں نے یہ ضرور کہا کہ اگر بھارت نیوکلیئر کا استعمال کرے گا تو پھر ہم بھی کرینگے ، پاکستان کبھی پہل نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا بین الاقوامی برادری نے زبردست ثالثی کی جس سے جنگ بندی کی خلاف ورزی بہت مشکل ہے ، میرا گھر ایل او سی سے زیادہ دُور نہیں، فائرنگ کی آوازیں آتی رہتی ہیں۔ مذاکرات میں سندھ طاس معاہدہ پر بات ہونی چاہئے ، مذاکرات میں ہم پر آئے دن دہشتگردی کے الزامات کا حل ہونا چاہئے ، دُنیا پر واضح ہونا چاہئے کہ آخر دہشتگردی کرا کون رہا ہے ؟۔وفاقی وزیر دفاع نے کہا سیز فائر کیلئے یو این آبزرور آج بھی موجود ہیں، مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدہ اور دہشتگردی پر جب تک بات نہیں ہو گی یہ مسائل برقرار رہیں گے ۔قبل ازیں انہوں نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہاکہ امریکی صدر کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر بات کرنا بڑی پیشرفت ہے جبکہ بھارت سے مذاکرات ہوئے تو مسئلہ کشمیر، پانی اور دہشتگردی پر بات ہوگی۔ مسئلہ کشمیر حل کیلئے دونوں ممالک کے پاس سنہری موقع ہے جس سے فائدہ اٹھانا چاہئے ،زیادہ تر باہمی تنازعات کی جڑ مسئلہ کشمیر ہے ،بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب کو وزیر دفاع نے پاکستان کے 77 سال کی سب سے بڑی کامیابی قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز مودی ایک ہارے ہوئے جواری کی طرح تقریر کر رہے تھے جس کے پلے کچھ نہیں،مودی نے اپنی ساکھ بچانے کیلئے بوکھلاہٹ میں یہ تقریر کی۔