کاشتکار بھائی بے دھڑک گندم اگائیں،نقصان نہیں ہونے دینگے:مریم نواز

کاشتکار بھائی بے دھڑک گندم اگائیں،نقصان نہیں ہونے دینگے:مریم نواز

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گندم کے کاشتکاروں کے لئے اہم اعلانات کردئیے ،انہوں نے کسان کارڈ کے ذریعے لون ڈیڑھ لاکھ سے بڑھا کر 3لاکھ روپے کردیااورزرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن پر 95فیصد تک سبسڈی کا اعلان کیا۔

کسان کارڈ نہ رکھنے والے کاشتکاروں کے لئے ایس ایم ایس اور ہیلپ لائن سسٹم لانچ کرنے اوراگلے سال 20ہزار کاشتکاروں کو سبسڈی پر گرین ٹریکٹر دینے اورہر تحصیل میں رینٹل ایگری کلچر مشینری سنٹرقائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔ان کا کہناتھاکہ شور مچایا گیا کہ کسان رل گئے ،کسان بھائیوں سے دوریاں پیدا کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔ پنجاب کے کسان تاریخی پیکیج سے مستفید ہورہے ہیں،کاشتکار بھائی بے دھڑک گندم اگائیں،نقصان نہیں ہونے دیں گے ۔مریم نواز نے کالاشاہ کاکو رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاشتکاروں بھائیوں کو آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اورکہا کہ افواج پاکستان پر فخر ہے ،قوم نے متحد ہو کر ملک کی سلامتی کیلئے اہم کردار ادا کیا۔پاکستان ہے تو ہم ہیں،کاشتکار ہے ،زمینیں ہیں اور خوشحالی ہے ،اللہ تعالیٰ ملک کو تاقیامت سلامت رکھے ۔جب ملکی سلامتی کی بات ہو تو کوئی اختلاف اور تقسیم نہیں ہونی چا ہئے ، یہ سرحدوں کی جنگ نہیں بلکہ نظریہ اور جذبوں کی جنگ تھی۔

نفرت کی سیاست نے پاکستان کو کیا دیا؟،نفرت کی سیاست ختم ہوئی تو پاکستان ترقی کی راہ پر چل نکلا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت ڈوبنے کی پیش گوئی کرنے والے اب اسے معجزہ قرار دے رہے ہیں۔ غریب کے لئے آٹے اور روٹی کے نرخ کم ہونے کی وجہ سے پیٹ بھر کر کھانا آسان ہوا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہااوورسیز پاکستانیوں کو پیسے بھیجنے سے روکا گیاتھا مگراللہ کی مدد سے ریکارڈزرمبادلہ آرہا ہے ۔ گندم کی سپورٹ پرائس کی بجائے کاشتکار کو ڈائریکٹ سبسڈی دے رہے ہیں،چاہتی ہوں تمام وسائل کسان بھائیوں کے قدموں میں رکھ دیں لیکن توازن قائم کرنے کے لئے بعض سخت فیصلے بھی کرنے پڑتے ہیں۔ کاشتکار بھائی کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں،ہمارا دل آپ کے ساتھ ہے ۔ قبل ازیں مریم نواز نے رائس انسٹیٹیوٹ کالا شاہ کاکو میں گندم کے کاشتکاروں کو ٹریکٹراور کیش گرانٹ دے کر تاریخ میں پہلی مرتبہ گندم کے کاشتکاروں کے لئے 1000 مفت ٹریکٹر اورگندم کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 5 ہزار کیش گرانٹ سکیم کا آغازکیا۔ وزیراعلیٰ نے پہلے ٹریکٹر کی چابی محمد اکمل کو دی،انہوں نے خاتون کاشتکار طاہرہ نسرین کو ٹریکٹر کی چابی اور ماڈل پیش کیا،خاتون نے مریم نواز کو چادر کا تحفہ پیش کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں