پاکستان کی امریکا کو زیروٹیرف دوطرفہ تجارت کی پیشکش
اسلام آباد(ذیشان یوسف زئی )پاکستان نے امریکا کو منتخب آئٹمز پر زیرو ٹیرف دوطرفہ تجارت کی پیشکش کردی۔ذرائع کاکہناہے کہ امریکی صدر کے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کے جواب میں پاکستان نے یہ تجویز دی۔
پاکستان منتخب ٹیرف لائنز پر زیرو ٹیرف کے ساتھ باہمی مفادات کی بنیاد پر دوطرفہ معاہدہ کرنا چاہتا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ متعدد شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو توسیع دینا چاہتا ہے ۔یہ پیشکش امریکی صدرکی طرف سے پاک بھارت فائر بندی کا معاہدہ کرنے کے بعد کی گئی، جنگ بندی کے بعد امریکی صدر نے کہا تھاکہ وہ دونوں ملکوں کے ساتھ بہت سی تجارت کریں گے ۔ دفتر خارجہ کے اعلٰی عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روزنامہ دنیا کو بتایا ہے کہ واشنگٹن میں پاکستان کے سفارت خانے نے امریکہ کے ساتھ زیرو ٹیرف کے تحت تجارت بڑھانے کی معاہدے کی تجاویز تیار کی ہوئی ہیں جس پروزارت تجارت مذاکرات کرے گی۔ زیرو ٹیرف کے تحت تجارتی معاہدے کی حتمی منظوری وزیر اعظم پاکستان دینگے ،اس کے بعد ایک وفد امریکہ جائے گا اور سفارشات ٹرمپ انتظامیہ کے سامنے رکھے گا۔