قوم نے متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا:آرمی چیف
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیدعاصم منیر نے کہاہے کہ پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا اورآپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی ملی ۔
آرمی چیف نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے اور اپنا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے میڈیا نے بھارتی میڈیا کو جو جواب دیا وہ یادگار ہے ۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اسلام آباد میں یوم تشکر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا ہمارا فخر ہے اورہم نے کچھ چھپایا نہیں ساری حقیقت بتا دی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کا کردار پورے معاملے میں شان دار رہا ہے ، ہمارے میڈیا نے بھارتی میڈیا کو جو جواب دیا وہ یادگار ہے ، جس طرح ہمارے میڈیا نے جواب دیا اس پر ہمیں فخر ہے اور ہمارے میڈیا کا کردار ذمہ دارانہ تھا۔