سیز فائر کے باوجود بھارت کی آبی جارحیت ، پاکستان کا پانی مزید روکنے کی تیاریاں

 سیز فائر کے باوجود بھارت کی آبی جارحیت ، پاکستان کا پانی مزید روکنے کی تیاریاں

نئی دہلی،اسلام آباد (رائٹرز )سیز فائر کے باوجود بھارت نے پاکستان کے لیے مختص دریاؤں پر بڑے آبی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر چناب، جہلم اور سندھ دریاؤں پر کام تیز کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔ ان دریاؤں کا پانی سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے لیے مختص ہے ۔بھارتی حکومت کی جانب سے چناب سے نکالی گئی رنبیر نہر کو دوگنا کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ، جس سے پانی موڑنے کی بھارتی صلاحیت 40 مکعب میٹر فی سیکنڈ سے بڑھا کر 150 مکعب میٹر فی سیکنڈ کر دی جائے گی۔ رنبیر نہر 19ویں صدی میں تعمیر کی گئی تھی، اور یہ بھارتی پنجاب سے گزر کر پاکستان کے زرعی علاقوں تک پہنچتی ہے ۔ذرائع کے مطابق ان منصوبوں پر بات چیت گزشتہ ماہ شروع ہوئی تھی اور سیز فائر کے باوجود اب تک جاری ہے ۔ بھارتی وزارتِ خارجہ، وزارتِ آبی وسائل اور مودی کے دفتر نے اس پر تبصرے سے گریز کیا ہے ۔ پاکستان کی وزارتِ خارجہ اور وزارتِ آبی وسائل نے اس معاملے پر فی الحال کوئی ردِعمل نہیں دیا، تاہم اپریل میں معاہدے کی معطلی کے بعد اسلام آباد نے خبردار کیا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنے یا موڑنے کی کوشش جنگی اقدام تصور کیا جائے گا ۔پاکستان کی 80 فیصد زراعت اور تقریباً تمام پن بجلی منصوبے سندھ طاس کے دریاؤں پر انحصار کرتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں