معاشی محاذ پر بھی دشمنوں کو شکست دی جائیگی : عطا تارڑ

معاشی محاذ پر بھی دشمنوں کو شکست دی جائیگی : عطا تارڑ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑنے کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں، ہمارے شاہینوں نے دشمن کے چھ جہاز مار گرائےَ۔۔۔

 ہماری بہادر افواج نے دشمن کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز اڑا کررکھ دیئے، جسکے بعد دشمن سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہوا،الحمد للہ ثابت ہو گیا کہ پاک فوج کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، پاکستان نے سفارتی سطح پر بھی دشمن کو ناکامی سے دوچار کیا،دشمن نے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا اسے بھرپور جواب مل چکا، اب بات ہوگی تو کشمیر پر ہوگی، معاشی ترقی پر ہوگی۔عسکری محاذ کی طرح معاشی محاذ پر بھی دشمنوں کو شکست دی جائیگی۔پاکستان میں فتح کا جشن اور بھارت میں صف ماتم بچھی ہوئی تھی،بھارتی عوام حکمرانوں سے سوال کر رہے تھے کہ جھوٹا پروپیگنڈا کیوں کیا گیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں اظہار تشکر ریلی سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا وطن عزیز کے دفاع کیلئے بھرپور کردار اداکرنے پر پوری قوم، سوشل میڈیا یوزرز، میڈیا اور اینکرز کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ملکی دفاع کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہماری بری، فضائی اور بحری فوج کا کردار ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، جب وزیراعظم یہ کہتے ہیں کہ ہم نے بھارت سے 1971 کا بدلہ لے لیا توبالکل ٹھیک کہتے ہیں۔انہوں نے کہا ہمارے سپہ سالارجنرل عاصم منیر اوربہادر افواج نے جس بہادری سے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے ، دنیا کی ملٹری اکیڈمیوں میں اسکی تربیت دے جائیگی کہ پاک فوج نے عددی برتری کے زعم میں مبتلا دشمن کو شکست دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت ہم نے انفارمیشن وار فیئر میں بھی دن رات ایک کر کے بھارتی پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیا ،وزیراعظم ہمت وحوصلے کے ساتھ قوم کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں