طویل اجلاس، مریم نواز نے 12 اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی خود منظوری دی : میرے ہوتے ہوئے کرپشن افسوسناک کریک ڈائون کرنا ہوگا: وزیر اعلیٰ

طویل اجلاس، مریم نواز نے 12 اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی خود منظوری دی : میرے ہوتے ہوئے کرپشن افسوسناک کریک ڈائون کرنا ہوگا: وزیر اعلیٰ

لاہور(اپنے نامہ نگار سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت چھ گھنٹے طویل خصوصی اجلاس ہوا، تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ نے 12 اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی خود منظوری دی۔ دیگر ماندہ اضلاع کے ترقیاتی پروگرام،انسداد تجاوازت اور بیوٹی فکیشن سے متعلق اجلاس آج دوبارہ ہو گا۔

اجلاس میں صوبے بھر کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی اور اضلاع میں بیوٹی فکیشن اور انسداد تجاوزات آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا تجاوزات کا خاتمہ اور صفائی کا معیار برقرار رکھنا بہت بڑا چیلنج ہے ،کمشنر اور ڈی سی کو پرفارمنس کیلئے مکمل آزادی دی،کسی کو فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں۔ ارکان اسمبلی بھی اپنے اضلاع میں بہتر ی کی تعریف کرتے ہیں، پرفارمنس میں ہمارا مقابلہ کسی سابقہ حکومت سے نہیں، خود سے ہے ۔ مجموعی پرفارمنس بہتر رہی مگر بہتری کی بہت گنجائش ہے ، عوام میں ریلیف کا حقیقی احساس ہی کامیابی ہے ۔ وقت بہت کم ہے ،عوام کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ محکمے کرپشن سے مکمل پاک نہیں ہو سکے ، میرے ہوتے ہوئے کرپشن افسوسناک ہے ۔ کرپشن کیخلاف جامع کریک ڈاؤن کرنا ہوگا۔انہوں نے ہر شہر میں ماڈل رکشہ سٹینڈ بنانے اورلینڈ ایکوزیشن کیلئے حاصل اراضی کے مالکان کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادائیگی کا حکم دیا۔ تجاوزات خاتمے کے بعد واگزار کرائی سرکاری اراضی کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور شہروں میں واگزار اور میسر سرکاری اراضی پر سپورٹس ایریا اور اربن فاریسٹ قائم کرنے کا حکم بھی دیاگیا۔

وزیراعلیٰ نے انتظامی افسروں کو تجاوزات خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے روزانہ وزٹ کرنے کی اورروڈز پر عارضی تجاوزات روکنے کیلئے لین مارکنگ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے روڈز کے درمیان بجلی کے کھمبوں کو ہٹانے کی ہدایت کی اورنئی بننے والی سڑک کے ساتھ ٹف ٹائل فٹ پاتھ بنانے کا حکم دیا۔اوور ہیڈ برج پر پلانٹر اورون کلر یکساں تھیم لائٹنگ لگانے اورسولر سٹریٹ لائٹس لگانے جبکہ روڈز کے درمیان یکساں طرز کے درخت لگانے کی بھی ہدایت کی گئی ۔وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع میں بلڈنگ بائی لاز پر پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا۔انہوں نے فیصل آباد میں عوام کیلئے مزید الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ سرگودھا گول چوک سمیت دیگر مارکیٹ اور روڈز میں تجاوزات خاتمے کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے راولپنڈی راجہ بازار کی اربن اپ لفٹنگ کے پلان کی منظوری بھی دی جبکہ والڈ سٹی اتھارٹی کی مشاورت سے راولپنڈی کی تاریخی عمارات کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔اجلا س میں ساہیوال ،ملتان ،سیالکوٹ ،ڈیرہ غازی خان ،بہاولپور ،رحیم یار خان ،گوجرانوالہ کی ترقیاتی سکیموں کیساتھ دیگر امور پر ہدایات دی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں