عمران خان کا وکلاء کی عدم موجودگی میں پولی گرافک ٹیسٹ سے انکار
اسلام آباد،راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ،دنیا نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات میں تفتیشی ٹیم کے سامنے پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا۔
لاہور پولیس کی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی قیادت میں بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کے لئے اڈیالہ جیل پہنچی، تفتیشی ٹیم میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم اور انسپکٹر محمد ارحم،پنجاب فارنزک یونٹ کے عابد ایوب شامل تھے ،جیل ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ہے ۔جیل میں عملہ بانی پی ٹی آئی کو سیل میں بلانے کیلئے گیا لیکن وہ نہیں آئے اور وکلا کی عدم موجودگی میں ٹیسٹ کرانے سے انکار کیا۔ادھر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی 1 مقدمہ میں عبوری ضمانتوں میں 17 جون تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو اصالتاً یا ویڈیولنک پر عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ گزشتہ روز ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران خالد یوسف چودھری ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے لیکن ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہ ہوسکے ، عدالت نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ ہوچکا ہے ، بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے پر عدالت کی جانب سے فیصلہ سنایا جائے گا،بانی پی ٹی آئی کیخلاف احتجاج،توڑ پھوڑ جلاؤ گھیراؤ کی دفعات کے تحت 6 مقدمات جبکہ بشری ٰبی بی کے خلاف توشہ خانہ کی جعلی رسیدوں کامقدمہ درج ہے ۔