کچہ میں آپریشن،2ڈاکو ہلاک،5زخمی،2سہولت کار گرفتار

کچہ میں آپریشن،2ڈاکو ہلاک،5زخمی،2سہولت کار گرفتار

رحیم یار خان،فتح پور جنوبی (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)آر پی او ڈی جی خان سجاد حسن خان منج کی سربراہی میں پولیس کا علی پور اور راضی چکر بوٹ کچہ کے علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن، 2ڈاکو ہلاک،5زخمی،دو سہولت کارگرفتار ،میرا لٹھانی گینگ کے ٹھکانے نذر آتش کردئیے گئے ،آپریشن میں ڈرون ٹیکنالوجی، بکتر بند گاڑیوں اورجدید اسلحہ کا استعمال کیا گیا،پولیس کو ایلیٹ کمانڈوز کی مدد حاصل تھی۔

تفصیلات کے مطابق آر پی او ڈی جی خان کی سربراہی میں ڈی پی او مظفرگڑھ رضوان احمد خان کی زیر قیادت علی پور کچہ کے علاقے میں پولیس نے ڈکیت گینگز کیخلاف آپریشن کیا جس میں ایلیٹ فورس اور سی سی ڈی نے بھی حصہ لیا، 8روزہ آپریشن میں دو خطرناک ڈاکو  ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ،پولیس نے علی پور کچہ کے علاقہ میں ڈاکوؤں کی آخری آماجگاہ کو بھی تباہ کر دیا۔بعد ازاں سرچ آپریشن بھی کیا گیا، ڈی پی او نے بہادری پر ایس ایچ اوز کو 50 ہزار اور عبدالشکور اے ایس آئی کو 25 ہزار نقد انعام اور تعریفی سند سے نوازا،اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔دوسری طرف ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کی قیادت میں بھی پولیس نے کچہ راضی چکر بوٹ کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کیاجس میں پولیس کو ڈرون ٹیکنالوجی، بکتر بند گاڑیوں، جدید اسلحہ، ضلعی پولیس و ایلیٹ کمانڈوز کی بھاری نفری کی مدد حاصل تھی۔ پولیس نے خطرناک اغوا کار و ڈاکوؤں میرا لٹھانی، خان بیگ لٹھانی، سائیں داد لٹھانی، فدا لٹھانی اور مودی لٹھانی کی کمین گاہوں اور ٹھکانوں کو نذر آتش کردیا،فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو سہولت کاروں کو بھی حراست میں لے لیا۔ڈی پی او عرفان علی سموں کا کہنا تھا کہ کچہ کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا مشن ہے ،تمام گینگز و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق سخت ترین کارروائیاں کی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں