چین، پاکستان کا سی پیک افغانستان تک بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(وقائع نگار)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنا تین روزہ دورہ چین مکمل کرلیا، دورے کے دوران گزشتہ روز پاکستان، افغانستان اور چین کے وزرا خارجہ کی سہ فریقی ملاقات ہوئی،جس میں وزرا خارجہ نے سی پیک کو افغانستان تک بڑھانے اور خطے میں دہشت گردی کا مشترکہ مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار، چینی وزیر خارجہ اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کے درمیان ملاقات میں سہ فریقی تعاون کا اعادہ کیا گیا۔ وزرائے خارجہ نے خطے کی سلامتی اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کیلئے تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سہ فریقی وزرائے خارجہ کا اگلا اور چھٹا اجلاس کابل میں ہوگا۔ دوسری جانب پاکستان نے طالبان حکومت کے ساتھ سفارتی روابط میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں قائم مقام افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے بھی ملاقات کی ۔ ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزرا خارجہ نے پاک افغان سفارتی روابط میں اضافے اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ،پاک افغان تجارت اور ٹرانزٹ کی سہولیات میں بھی اضافہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تین روزہ دورہ چین کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ، یہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد اسحاق ڈار کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔ دوسری طرف پاکستان اور چین نے سرمایہ کاری، زراعت، صنعت،آئی سی ٹی میں تعاون بڑھانے اور علاقائی امن، ترقی اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بیجنگ میں چینی وزیرخارجہ وانگ ای سے ملاقات ہوئی جس میں جنوبی ایشیا کی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور عالمی فورمز پر تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون پر مبنی سٹریٹجک پارٹنر شپ کو مسلسل مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور اشتراک نئے عروج پر پہنچ چکا ہے ۔چین کے سرکاری دورے کے اختتام پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس دورے کو انتہائی مفید اور اہم سفارتی پیش رفت سے عبارت قرار دیا۔