9مئی کو سیاسی جماعت اور جو بھارت نے کیا زیادہ فرق نہیں:مریم نواز

9مئی کو سیاسی جماعت اور جو بھارت نے کیا زیادہ فرق نہیں:مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا ہے کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا اور جو کچھ بھارت نے کیا اس میں زیادہ فرق نہیں۔سرگودھا میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جس طرح لیپ ٹاپ کو بچا کر رکھتے ہیں کہ اس میں کوئی وائرس نہ آجائے۔

 اس طرح ذہن کو بھی بچا کر رکھنا ہے کہ اس میں کوئی پولیٹیکل وائرس نہ آجائے ۔وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ کی تقریب سے خطاب میں اہم اعلانات کئے ۔انہوں نے اگلے سال سے ہونہار سکالرشپ کی تعداد مزید بڑھانے ،پنجاب کے سکولوں میں 50ہزار نئے کلاس روم بنانے ،ہر سرکاری سکول میں ٹائلٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے ،چھ ہزار سرکاری سکولوں میں اے آئی اور کمپیوٹر لیب فراہم کرنے ،تمام سرکاری سکولوں میں چیئر، ڈیسک اور دیگر فرنیچر کی فراہمی ،طلبہ کی الیکٹر ک بائیکس کے لئے چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کا اعلان کیا۔ مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں کے طلبہ کو پرائیویٹ سکولوں کے برابر یابرتر دیکھنا چاہتی ہوں، میرا وزیر اعلیٰ بننا پنجاب کے تمام بیٹے اوربیٹیوں کے لئے اعزاز ہے ،بیٹی بہادر ہوتو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا،نوازشریف کی بیٹی ہوں جو وعدہ کرتی ہوں پورا کرتی ہوں، مجھے جیل اور ڈیتھ سیل میں ڈالا گیا، مگر آج اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے یہاں کھڑی ہوں۔سی ایم بننا آسان ہے ، مگر عوام کی خدمت محنت طلب کام ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں سے کہتی ہوں کہ دھرتی ماں کے خلاف کبھی قدم مت اٹھانا، اپنے ملک کی آہنی دیوار بنو،بچوں سے یہ بھی کہتی ہوں کہ فتنہ فساد کا ایندھن بننے سے محفوظ رہنا۔

فتنہ فساد والوں کے بہکاوے میں آنے والے آج جیلوں میں پڑے ہیں، ان کے والدین کا سوچ کر پریشانی ہوتی ہے ۔جو 9 مئی کو ایک سیاسی جماعت نے کیا، وہی دہشت گرد کرتے ہیں اور وہی دشمن کرتا ہے ، شخصیات سے اختلاف ہوسکتا ہے ،ملک سے نہیں ، اس جماعت نے وہ کیا جو دشمن دہائیوں میں نہ کرسکا۔ سیاسی جدوجہد میں ہم نے بھی اختلاف کیا، مگر ملک کے خلاف نہیں گئے ۔ سیاسی تعصب سے بالا تر ہو کر سوچیں کہ شہداء کی یاد گاریں اور عسکری تنصیبات جلانا کہاں کی سیاست ہے ؟۔ جن وردیوں کو ڈنڈوں پرٹانکا گیا، انہی وردی پوشوں نے ملک کی حفاظت کی،جو پاک سرزمین کے غدار ہیں، وہ کسی کے وفادار نہیں۔انہوں نے کہا کہ مہذب قوم بن کر فیک نیوز کے بارے میں غور کریں، آزادی اظہار کے اختیار کو ذمہ داری سے استعمال کریں۔ طلبہ کے ہاتھ میں بندوق نہیں بلکہ قلم اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتے ہیں،ہم پاکستان کے ساتھ ہیں فتنہ فساد والوں کے ساتھ نہیں۔ مریم نواز نے سرگودھا کے سب سے بڑے نوازشریف فلائی اوور ہیڈ برج کا افتتاح بھی کردیا،انہوں نے نواز شریف فلائی اوور کا معائنہ کیا اور تعمیراتی معیار کو سراہا۔دریں اثنا مریم نوازنے ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں شدید ہیٹ ویو کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیا۔ لاہور، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی ممکنہ ہیٹ ویو پیش نظر متعلقہ ریسکیو اداروں کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں