وکلا کے مسائل کا حل اولین ترجیح:چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
لاہور(کورٹ رپورٹر )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے کہا ہے کہ بار ایسوسی ایشنز اور وکلا کے مسائل کا حل لاہور ہائی کورٹ کی اولین ترجیح ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک آصف احمد نسوانہ، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر محمد اظہر خان مغل، لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر مبشر رحمان، راولپنڈی بار کے صدر سردار منظر بشیر خان، بہاولپوربار کے صدر ملک عامر، ملتان بار کے صدر جاوید علی ڈوگر نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ امجد اقبال رانجھا بھی موجود تھے ۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے یقین دہانی کرائی کہ صوبے کے عوام کو جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، بروقت اور معیاری انصاف کی فراہمی کے لیے بار اور بینچ کے مابین قریبی اور مؤثر تعاون ناگزیر ہے ۔