میانوالی :پولیس چوکیوں پر حملے کا منصوبہ ناکام، 3دہشتگرد ہلاک، 6فرار

میانوالی(نامہ نگار ،آئی این پی )محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)کی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 6فرار ہو گئے ۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ عیسی ٰ خیل میں رحمانی خیل موڑ کے قریب خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے جانے والی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے شدید تبادلہ میں 3دہشت گرد مارے گئے جبکہ 6 اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے ،موقع سے رائفلیں، تین دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے ، رحمانی خیل موڑ کے قریب نا کہ بندی کر لی گئی ہے ۔ترجمان نے بتایا دہشت گرد پولیس چوکیوں پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر چکے تھے ۔ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔