شہری کا شناختی کارڈ بلاک ،عدالت نادرا حکام پر برہم
کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا معاملے پر نادرا حاکم پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں عوامی کالونی کے رہائشی نور محمد کے شناختی کارڈ کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے نادرا حکام پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
نادرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے مبینہ طور پر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ایک فیملی کے کوائف استعمال کرکے شناختی کارڈ حاصل کیا اور اسی فیملی کی شکایت پر نور محمد کا شناخت کارڈ بلاک کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ نادرا حکام اپنی نااہلی چھپانے کے لیے درخواست گزار پر الزامات لگا رہے ہیں جب کہ اس نااہلی پر نادرا افسران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ۔عدالت نے نادرا کو ہدایت دی کہ شناختی کارڈ کے اجرا کے عمل میں شامل تمام افسران کی فہرست پیش کی جائے اور واضح کیا کہ فہرست میں صرف ڈیٹا انٹری آپریٹرز کے نام نہ ہوں بلکہ وہ افسران بھی شامل ہوں جو اس وقت ڈیوٹی پر موجود تھے ۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر نادرا افسران نے غفلت برتی ہے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ عدالت نے نادرا کو افسران کی مکمل فہرست 29 مئی تک عدالت میں پیش کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔