بینکوں سے کیش نکلوانے پر ٹیکس کی شرح میں اضافے کی تجویز
اسلام آباد(آئی این پی) بینکوں سے کیش نکلوانے پر ٹیکس کی شرح میں اضافے کی تجویز ہے۔ بجٹ 2025 کی تیاریاں جاری ہیں اور اگلے مالی سال میں پاکستانی حکومت ریونیو بڑھانے کے لیے نان فائلرز پر بینک سے کیش نکالنے پر ود ہولڈنگ ٹیکس کو دوگنا کرنے اور مالیاتی لین دین پر سخت پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہی ہے ۔
نئی تجویز بینکوں سے 50,000 روپے یا اس سے زیادہ رقم نکالنے والے افراد کو براہ راست متاثر کرے گی جس کا مقصد 15سے 20ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل کرنا ہے ۔اس وقت نان فائلرز سے ایک دن میں50 ہزار روپے سے زائد رقم بینک سے نکالنے پر 0.6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے ۔نئی تجویز کے تحت اس شرح کو 1.2 فیصد تک دوگنا کیا جا سکتا ہے یعنی 1 لاکھ روپے نکالنے پر نان فائلر کو 1200 روپے ٹیکس دینا ہوگا۔اس تجویز کے تحت اب نہ صرف بینک کا ئونٹر سے نکلوانے والی رقم بلکہ اے ٹی ایم اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے نکلوانے والی رقم پر بھی نیا شرح ٹیکس لاگو ہوگا بشرطیکہ وہ یومیہ حد سے تجاوز کرے ۔یہ اقدام ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور نان فائلرز سے آمدنی بڑھانے کی حکومت کی کوششوں کا حصہ ہے ۔