نقد ادائیگی پر تیل مہنگا، پٹرولیم مصنوعات پر ڈھائی روپے لٹر کاربن لیوی عائد کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد (کامرس رپورٹر) آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات پر 2.5 روپے فی لٹر کاربن لیوی عائد کرنے کا فیصلہ ہو گیا، پٹرول اور ڈیزل پر کاربن لیوی پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کے ساتھ عائد کی جائے گی، مالی سال 2025-26 کے دوران اڑھائی روپے فی لٹر جبکہ مالی سال 2026-27 کے دوران کاربن لیو ی بڑھا کر 5 روپے فی لٹر کر دی جائے گی۔۔۔
آئندہ مالی سال کیلئے کاربن لیوی پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کیساتھ ہی عائد ہو گی جبکہ نقد ادائیگی پرتیل مہنگا ملے گا اور ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ پر پٹرول اور ڈیزل 2 روپے سستا دیا جائے گا ۔کیش خریداری پر 2 فیصد اضافی سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا،نان فائلرز پر1 کروڑ سے زائد پراپرٹی خریدنے پر پابندی ہوگی ،نان فائلرز کیلئے بیرون ملک جانے پرپابندی ہوگی ، صرف فائلرز کو جانے کی اجازت ہوگی ،آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات مکمل ہو گئے ۔باوثوق ذرائع وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ کاربن لیوی کیلئے الگ سے قانون سازی نہیں ہو گی لیکن فی لٹر ڈھائی روپے کاربن لیوی کو گرین بجٹنگ کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال 2025-26 کیلئے بجٹ میں کاربن لیوی 5 روپے فی لٹر عائد کرنے کی تجویز دی تھی جس پر معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف کو کم لیوی عائد کرنے کی درخواست کی تھی،۔ گرین بجٹنگ، کلائمیٹ سپینڈنگ پر ٹیگنگ، ٹریکنگ اور رپورٹنگ پر مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں۔ کاربن لیوی کو آر ایس ایف پروگرام تک عائد کیا جائے گا ۔معاشی ٹیم نے کاربن لیوی سے 45 ارب روپے تک حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا ہے ۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ بجٹ پر آئی ایم ایف سے مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں۔
ملکی اکانومی کو ڈیجیٹل ٹرانزکشن پر کنورٹ کرنے کیلئے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ مذاکرات میں یہ بات چیت بھی ہوئی ہے کہ کیش پر پٹرول اور ڈیزل 2 روپے فی لٹر مہنگا ملے گا جبکہ ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ پر پٹرول اور ڈیزل 2 روپے سستا دیا جائے گا۔ کیش خریداری پر سیلز ٹیکس 2 فیصد اضافی وصول کیا جائے گا، اس وقت ملک میں 18 فیصد جی ایس ٹی کی سٹینڈرڈ شرح عائد ہے ۔ کیش خریداری پر سیلز ٹیکس 18 کی بجائے 20 فیصد کیا جا سکتا ہے ۔ اس اقدام سے کیش اورغیردستاویزی معیشت کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ صرف فائلرز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے گی اور نان فائلرز کیلئے بیرون ملک جانے پر پابندی برقرار رکھی جائے گی ۔صرف فائلرز کو پراپرٹی خریدنے کی اجازت دی جائے گی اور نان فائلرز پر 1 کروڑ روپے سے زائد کی پراپرٹی خریدنے پر پابندی برقرار رکھی جائے گی ،نان فائلرز کے 50 ہزار روپے نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس 0.6 فیصد سے بڑھا کر 1.2 فیصد کیا جا سکتا ہے ۔ آئی ایم ایف کیساتھ بجٹ مذاکرات میں اہم اہداف طے کیے گئے ہیں۔ ذرائع بتاتے ہیں کاربن لیوی عائد کیے جانے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ہے ۔آئندہ مالی سال پٹرولیم مصنوعات پر 70 روپے فی لٹر پٹرولیم لیوی رکھنے سے 13 سو ارب روپے کا ریونیو جمع کیا جائے گا۔