پنجاب کا بینہ:بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے پاورٹیرف کم کرنیکا اعلان:جوکہتے ہیں کر کے دکھاتے ہیں:مریم نواز

پنجاب کا بینہ:بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے پاورٹیرف کم کرنیکا اعلان:جوکہتے ہیں کر کے دکھاتے ہیں:مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 26 واں اجلاس ہوا ،جس میں 101 ایجنڈا پوائنٹس پر غور کیا گیا۔عوام کو ریلیف کے لئے وزیراعلیٰ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے بجلی کے بلوں میں کمی کیلئے پاور ٹیرف کم کرنے کا اعلان کیا ۔

 پنجاب رضاکارانہ طور پر بجلی کے نرخ کم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کی پاور کمپنیوں کا ٹیرف کم کرنے کی منظوری دے دی۔ٹیرف میں 30سے 40فیصد تک کمی ہوسکے گی۔ کابینہ نے قائد اعظم تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ اور پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے ٹیرف میں کمی کی منظوری دی۔ مریم نواز نے کہا لوگ مسلم لیگ (ن)پر اعتماد کرتے ہیں، ہم جو کہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں۔ کابینہ کے اجلاس میں سمبڑیال کا ضمنی الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی گئی۔اجلاس میں کہا گیا 80فیصد دیہی صوبائی حلقے میں بھاری اکثریت سے کامیابی وزیراعلیٰ کی پالیسیوں پر کاشتکار کا اظہار اعتماد ہے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر ذیشان رفیق اور معاون خصوصی ذیشان ملک کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے لیہ میں ہسپتال اور روڈز کی بہتری پر وزیر صحت، وزیر مواصلات اور سیکرٹریز کو شاباش دی۔ انہوں نے لیہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے لئے ضروری اقدامات کا حکم دیا۔ اجلاس میں پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو 400ملین (40 کروڑ)روپے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی۔

پی جے ایچ ایف لاہور پریس کلب ہاؤسنگ سکیم فیز II کی اراضی کے لئے روڈا کو 40 کروڑ کی ادائیگی ہوگی۔ مریم نواز نے کہا گندم کے کاشتکاروں کو بہت بڑا پیکیج دینے جارہے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا گندم کے 5لاکھ 14ہزار کاشتکاروں کو فی ایکڑ پانچ ہزار سبسڈی کی ادائیگی مکمل ہوچکی۔ مزید پانچ لاکھ کاشتکاروں کی تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد ادائیگی کر دی جائے گی۔ کسان کارڈ کے ذریعے دوسرے مرحلے میں 63ارب مہیا کیے گئے اور کاشتکاروں نے 18ارب روپے کی کھاد خرید لی ہے ۔ کابینہ نے چیف منسٹر ویٹ پروگرام 2025 اور پہلی ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیکے قیام کی منظوری دی ۔ وزیراعلیٰ نے سال کے اندر ایئر پنجاب شروع کرنے کا ٹارگٹ دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے ویپنگ سنٹر بند کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی اور مزدوروں اور کارکنوں کے لئے سیفٹی گیئر یقینی بنانے کا حکم دیا اورلیبر ڈیپارٹمنٹ کو ایک ماہ کے اندر ورکرز کے لئے حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا ٹارگٹ سونپا۔ انہوں نے کہا مزدور پانچ منزلہ عمارت سے گر کرمر جاتے ہیں،حکومت خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔ گٹروں میں صفائی کے لئے اترنے والے ورکرز کو ہر صورت حفاظتی کٹ مہیا کی جائے ۔ صوبائی کابینہ نے لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ ورکرز اور کان کنوں کے لئے راشن کارڈ کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں پنجاب کے نو ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے تمام بڑے شہر وں میں جلد از جلد چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب آٹزم سکول اینڈ ریسورس سنٹر لاہور ایکٹ 2025کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے آٹزم سنٹر میں سب مریض بچوں کو بلا تفریق داخلہ دینے کا حکم دیا۔ کابینہ نے لاہورمیں نوازشریف میڈیکل سٹی کے لئے اراضی کی منتقلی کی منظوری دی۔ پانچ ہزار کنال پر مشتمل میڈیکل ڈسٹرکٹ میں بلڈ ڈیزیز، بون میرو اور دیگر تمام سپیشلائزڈ سنٹر بنیں گے ۔ نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں پارکس، ہوٹل، فوڈ کورٹ، پلے ایریا اور اربن فاریسٹ بھی قائم ہوں گے ۔ نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کے لئے عالمی شہرت یافتہ ادارے نے رابطہ کر لیا۔ وزیراعلیٰ نے تمام سکولوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا ہدف دے دیا۔ 40ارب روپے سے ہر سکول میں کلاس روم، ٹائلٹ بلاک، فرنیچر اور لیبارٹریز بنائی جائیں گی۔

کابینہ نے لاہور میں 1100بلاسود الیکٹرک ٹیکسی کی فراہمی ،چائلڈ پروٹیکشن پالیسی ،اٹک ڈسٹرکٹ کورٹس میں حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کے لئے سپیشل گرانٹ ان ایڈ ،چھانگا مانگا وائلڈ لائف، لال سوہانرا، نیشنل پارک میں ایکو ٹورازم کے پراجیکٹ،لاہور میں بس شیلٹرز کی تعمیر و مرمت اور اپ گریڈیشن ،ٹھوکر نیاز بیگ اور ریلوے سٹیشن پرالیکٹر ک بسوں کے لئے ڈپو بنانے ،فلور ملوں اور فوڈ گرینز لائسنس ہولڈرز کی معاونت کے لئے 100ارب روپے کی سپیشل فنانسنگ فیسلیٹی کی منظوری بھی دی ۔ کاشتکار کی سہولت کے لئے الیکٹرانک ویئر ہاؤس ریسیٹ سسٹم کے نفاذ، پنجاب ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کی سالانہ رپورٹ برائے 2022-23 پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے ،تحصیلداروں اور نائب تحصیلداروں کو سب رجسٹرار کے اختیارات تفویض کرنے کی تجویز ،پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ 2023 کے تحت قائم کی جانے والی ایجنسیوں کی تشکیل ،پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ میں Measurement Book کی منظوری دی گئی ۔

کابینہ نے پنجاب سینئر سٹیزنز ویلفیئر بل ،ریفلیکٹو نمبر پلیٹس کی فراہمی کے لئے پنجاب موٹر وہیکل رولز 1969 میں ترمیم ،پرسنلائزڈ وینیٹی پلیٹس کے اجرا ،ریزرو پرائس ، ٹرانسفر فیس ،الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن ،محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کے افسروں/اہلکاروں اور مخبروں کے لئے انعامی نظام ،پرائس کنٹرول آف ایسینشل کموڈیٹیز ایکٹ 2024 میں ترامیم ،مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 ،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تکنیکی معاونت کے لئے سروس لیول ایگریمنٹ ،پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سروسز بل ،پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ لاہور کے بورڈ آف مینجمنٹ کی تحلیل ، پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2003 کے تحت ایڈمنسٹریشن کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دیدی۔

پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی ایکٹ ،اوقاف، ٹرسٹ اور کوآپریٹو سوسائٹیز کے انتظام کے لئے قانونی فریم ورک ایکٹ ،پنجاب عوامی آگاہی اور معلومات کی ترسیل ایکٹ ،پنجاب فلم سنسر بورڈ کی از سر نوتشکیل ، انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور کے لئے بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور ریونیو اتھارٹیز کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کے لئے مفاہمتی یادداشت ،ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن پنشن سکیم کے نفاذ اور پنشن فنڈ منیجر معاہدے ،ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ تقرری یا ملازمت کی صورت میں پنشن ،ریٹرو ریفلیکٹڈ نمبر پلیٹس کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ نے سیف جیلز پنجاب اقدام ،توقیر احمد ناصر کی بطور چیئرمین پنجاب فلم سنسر بورڈ مدت میں توسیع ، پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کی ازسرنو تشکیل ،سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی تنظیم نو،پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی ،لاہور والڈ سٹی اتھارٹی ،انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں خالی آسامیوں پر بھرتی پر عائد پابندی میں نرمی،بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرپرسنز، سیکرٹریز اور کنٹرولرز آف ایگزامینیشن کی تقرری اور صوبائی کابینہ کے 25ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی منظوری دی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں