شاہ محمود کیخلاف 6مقدمات میں پراسیکیوشن دلائل کیلئے طلب
لاہور (کورٹ رپورٹر)انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے شاہ محمود قریشی کے خلاف نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے چھ مقدمات میں درخواست ضمانت پر پراسیکیوشن کو حتمی دلائل کے لیے طلب کرلیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے ضمانتوں پر سماعت کی،پراسیکیوشن نے ضمانتوں پر دلائل کے لیے مہلت کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ ایک وقت میں چھ ضمانتوں پر دلائل دینا ممکن نہیں ،عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا کو منظور کرلیا،عدالت نے ضمانت کی دو درخواستوں پر دلائل 13 جون ،دو درخواستوں پر 17 جون اور دو ضمانت کی درخواستوں پر 20 جون کی تاریخ مقرر کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کی نو مئی کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر وکلاء کو دلائل کے لیے طلب کر لیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس حملے سمیت دو مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی،عدالت نے کارروائی 14 جون تک ملتوی کر دی، انسداد دہشت گردی عدالت نمبر تین کے جج ارشد جاوید نے شیر پاؤ پل پر تقاریر و جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 14 جون تک ملتوی کردی۔لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی نائب صدر پنجاب اکمل باری کو ہراساں کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے کیس کی سماعت کی۔