پاکستان مخالف بیانات سے بھارت شکست اور دہشتگردی نہیں چھپا سکتا : دفتر خارجہ

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)وزارت خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ کے غیر ذمہ دارانہ بیانات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان مخالف بیانات سے اپنی شکست اور سرحد پار سے دہشتگردی کو نہیں چھپا سکتا، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اعلیٰ سفارت کاروں کی گفتگو امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے والی ہونی چاہئے، بھارتی وزیر خارجہ کو اپنے عہدے کے وقار کے مطابق گفتگو کرنی چا ہئے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کئی برسوں سے جھوٹے بیا نیہ کے ذریعے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، بھارت پاکستان مخالف بیانات سے اپنی سرحد پار دہشتگردی کو نہیں چھپا سکتا۔ اس طرح کے بیانات سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر پر پردہ نہیں ڈال سکتا، بھارت دہشتگردی، تخریب کاری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے ۔پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت حالیہ جارحیت کو جواز دینے کیلئے جھوٹے بیا نیہ گھڑ رہا ہے ، پاکستان پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے ، دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے پرعزم اور مکمل صلاحیت رکھتا ہے ، بھارتی جارحیت کا گزشتہ ماہ بھرپور جواب دیا گیا، بھارت کا بیانیہ ناکام فوجی مہم کے بعد مایوسی کا عکاس ہے ۔ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی قیادت پاکستان سے متعلق جنون چھوڑ کر گفتگو کا معیار بہتر بنائے ، تاریخ فیصلہ زور سے بولنے والوں کا نہیں بلکہ دانشمندانہ اقدام کرنے والوں کا کرے گی۔