پنجاب بجٹ، 7 نئے ٹیکسز لگانے کی منسٹریل کمیٹی کی تجویز مسترد

لاہور(محمد حسن رضا سے)پنجاب کا آئندہ مالی سال 2025-26کا بجٹ 16 جون کو 5000 ارب روپے سے زائد کا پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کانان ترقیاتی بجٹ 3800 ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے، دوسری جانب وزیراعلی ٰنے 7 نئے ٹیکسز لگانے کی صوبائی منسٹریل کمیٹی کی تجویز مسترد کردی۔
محکمہ ایکسائز، زراعت، بلدیات اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے بعض نئے ٹیکس لگانے کی سفارشات کی گئی تھیں، دس مرلے اور اس سے اوپر کے گھروں پر مزید 2 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی سفارش،موٹر وہیکل ٹیکس میں 2 فیصد اضافے کی تجویز مسترد کردی گئی، آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق سیلز ٹیکس پوزیٹیو لسٹ کو نیگیٹیو لسٹ میں پروسیجرل تبدیل کرنے کے لئے منظوری دیدی گئی ، پنجاب فنانس بل میں پروسیجرل تبدیلی کے لئے شامل کیا جائے گا، کمیٹی نے تجویز دی تھی کہ ریسٹورنٹس، میرج ہال، بیوٹی پارلر، فیشن ڈیزائنر اور دیگر جگہوں پر کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے استعمال پر ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کی جائے ۔ وزیراعلٰی مریم نواز نے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے استعمال پر ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کرنے کی سفارش کو مسترد کردیا اور ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹیکس نہیں ٹیکس نیٹ ورک بڑھائیں، جو ٹیکس کے دائرہ کار سے باہر ہے اسکو ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار میں لائیں، دوسری جانب پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں راولپنڈی اڈیالہ روڈ پر تین اہم پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کردیا، اڈیالہ روڈکی تعمیر و مرمت، اڈیالہ انڈر پاس، اڈیالہ فلائی اوور بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پنجاب حکومت کی آئندہ مالی سال ان تینوں منصوبوں کے لئے 56کروڑ 80لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز شامل کی گئی ہے ، آئندہ مالی سال 2025-26کے بجٹ میں اڈیالہ جیل کو جانیوالے روڈ کے لئے 45کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی، اڈیالہ روڈ پر فلائی اوور بنانے کے لئے آئندہ مالی سال ساڑھے پانچ کروڑ روپے رکھے جائیں گے ، ذرائع کے مطابق تلسا چوک اڈیالہ روڈ پر انڈرپاس بنانے کے لئے 6کروڑ 10 لاکھ روپے رکھے جائیں گے ۔ وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت ٹیکس فری بجٹ لارہی ہے، کوئی نیا ٹیکس نہیں لگارہے۔