حکمرانوں کی جائیدادیں ضبط کرکے قرض اتاریں:محموداچکزئی
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر، سٹی رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ سابق اور موجودہ حکمرانوں کی وسائل سے زائد جائیدادوں کو ضبط کر کے آئی ایم ایف کا قرض اتارا جائے ، خطے کی صورتحال پاکستان، افغانستان،ایران سمیت یہاں کے حکمرانوں کیلئے امتحان ہے ۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کی حالت نازک ہے ، یہاں 10 سے 12کروڑ عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، ملک کتنے ارب ڈالرز کا مقروض ہے ، پارٹی کی سنٹرل کمیٹی اور مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے دو روزہ اجلاس میں ایک تجویز سامنے آئی ہے کہ جو حکومتوں میں رہے ان کے وسائل سے زیادہ جائیدادیں ضبط کر کے آئی ایم ایف کا قرضہ ادا کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ملک میں اپنی وفاداریاں نہیں بیچیں وہ زیرِ عتاب ہیں،ہمیں جمہوریت سے پیار ہے ، جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کو موجودہ حکومت سے رابطے نہیں رکھنے چاہئیں، حالات کا تقاضاہے کہ ہم سب کو مل کر موجودہ حکومت کو گرانا ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ ایران میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کا تقاضا ہے کہ ہمارے ملک میں ملی یکجہتی ہو اوریہ تب تک نہیں ہو سکتا جب تک موجودہ حکومت قائم ہے ۔ پاکستان کے عوام میں یہ طاقت ہے کہ وہ اس ملک کو چلا سکتے ہیں، ہر صوبے کا اس کے وسائل پر حق ہوناچا ہئے ۔