علیمہ،عظمیٰ کی ضمانت کنفرم ، عدالت کی بار بار ضمانتوں پر برہمی

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ، دنیا نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کی درخواست ضمانت منظور ہو گئی تاہم عدالت نے بار بار ضمانتوں پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید کے روبرو 5 اکتوبر کے جلاؤ گھیراؤ کے 2 مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ جان بوجھ کر بیل لمبی کر رہے ہیں، آپ جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہوتے ، کورٹ میں آنا پسند نہیں کر رہیں تو پولیس کے پاس کیسے جائیں گی؟عدالت نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں بھی آپ نے یہی کیا، 8 ماہ بیل چلائی اور عدم پیروی پر خارج کر دی، پچھلی سماعت پر بھی آپ نے کہا وہ فیصل آباد ہیں، سالہا سال بیل چلا کر عدالتوں کا نام خراب نہ کریں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو 26 نومبر احتجاج کے کیسز میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس پر عدالت نے عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کردی۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے 26 نومبراحتجاج پر درج مقدمات میں چالان پیش ہوجانے پر غیر حاضرملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔گزشتہ روز سماعت کے دوران کارکنوں کی جانب سے وکلاء سردار محمد مصروف خان، زاہد بشیر ڈاراور عائشہ خالد عدالت میں پیش ہوئے ،پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار کارکنوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے عدالت میں موجود تھیں، عدالت نے کمرہ عدالت موجود ملزموں کی حاضری لگائی اور غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ،تھانہ آبپارہ کے مقدمہ کی سماعت 15 جولائی جبکہ تھانہ سنگجانی کے مقدمہ میں کیس کی سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی۔