بجٹ مسترد ، حکومتی اعداد و شمار پر اعتبار نہیں:پی ٹی آئی
اسلام آباد ، راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ، خبر نگار ) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ فسطائی حکومت کا بجٹ مسترد کر چکے ہیں، ہمیں حکومتی اعداد و شمار پر کوئی اعتبار نہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت کا وزیرخزانہ بینکر ہے ، اسے عوام سے کوئی سروکار نہیں، وزیر خزانہ کی پیش کردہ اکنامک سروے رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے ۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ پر بات کرنا چاہتے ہیں، گزشتہ تین برسوں میں مینوفیکچرنگ مسلسل نیچے آ رہی ہے ، نوجوانوں کی بڑی تعداد ملک چھوڑ کر چلی گئی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اکنامک سروے میں 2022 کے اعداد و شمار دیئے گئے ہیں، موجودہ حالات بدتر ہیں۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ موجودہ بجٹ کسان، سرکاری ملازمین اور کروڑوں عوام کا قاتل ہے ۔عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ نے کہا کہ 26 ویں ترمیم سے پوری عدلیہ کو چھٹی پر بھیج دیا گیا۔ہم ایک احتجاج کرتے ہیں تو 7 مقدمات بن جاتے ہیں، ایک دن راولپنڈی دوسرے دن سرگودھا کی عدالتوں میں ہوتے ہیں۔ چیری بلاسم ، اردلی اور اب لیلا کا سفر بہت دلچسپ ہے ، حکمران عوامی حمایت سے آئے ہوتے تو یوں لیلے کی طرح رسی سے نہ چلتے ، یہ عدالتیں خود قید ہیں ہمیں کیا انصاف دیں گی؟ کبھی جج چھٹی پر تو کبھی پراسیکیوٹر غائب ہوجاتا ہے ، بجٹ نے تباہی پھیر کر رکھ دی ہے ، اب ہم قوم اور کسانوں کے پاس جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پارلیمنٹ، پنجاب اسمبلی کے باہر فارم 45 کی اسمبلیاں لگائیں گے ۔