لدھیوالہ ،فیروزوالا ، گجرات ، ملکوال میں مقابلے ، 6ملزم ہلاک
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر،نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی ،سٹی رپورٹر )سی سی ڈی کے ساتھ گوجرانوالہ اور گجرات میں مقابلوں کے دوران6ملزم ہلاک ہوگئے ۔
بتایا گیا ہے کہ تھانہ لدھیوالہ وڑائچ اور تھانہ فیروزوالا کے علاقوں میں ہونے والے دو مبینہ پولیس مقابلوں میں 3 ڈاکو مارے گئے ،فیروز والا کے علاقہ میں سب انسپکٹر عبدالجبار موٹر سائیکل چورگینگ کی تلاش میں تھے ،اسی دوران ٹیم نے دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزموں کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے رکنے کے بجائے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، جبکہ سی سی ڈی ٹیم کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کی گئی ،فائرنگ رکنے پر دو ملزم شدید زخمی حالت ملے ،سی سی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ دونوں ملزم اپنے ساتھیوں کی گولیوں کانشانہ بنے جو بعدازاں دم توڑ گئے جبکہ 2 ملزم فرار ہو گئے ،ملزموں کی شناخت قدیر الحسن اور عامر نواز کے ناموں سے ہوئی جن کا تعلق اڑتالی ورکاں سے تھا ۔ دوسرامقابلہ تھانہ لدھے والا کے علاقہ میں ہوا ، خطرناک ڈاکوئوں کی اطلاع پر سی سی ڈی ٹیم نے چھاپہ مارا جہاں فائرنگ کے تبادلہ میں شمس نذیر نامی ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا جبکہ اس کے 3 ساتھی فرار ہوگئے ، ہلا ک ہونیوالا ڈاکو محلہ کلر آبادی چھچھروالی کا رہائشی تھا ، ہلاک ہونیوالوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔سی سی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ تینوں خطرناک ملزم پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ۔ کٹھیالہ شیخاں کے قریب جیہ کھوکھراں میں پولیس مقابلہ میں ایس ایچ او قسور عثمان اور کانسٹیبل نعمان اللہ زخمی ہوگئے جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ۔ کٹھیالہ پولیس نے مطلوب اشتہاری سلیمان حیدر اور ابوبکر کے گھرپر چھاپہ مارا جہاں دونوں کے ساتھ دیگر اشتہاری بھی موجود تھے جنہوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس سے ایس ایچ او قسور عثمان اور کانسٹیبل نعمان زخمی ہوگئے ، واقعہ کے بعد مزید نفری پہنچ گئی ،جبکہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منڈی بہا ئوالدین منتقل کردیا گیا، پولیس نے ایک ملزم غلام محمد کو گرفتار کر لیا ،جبکہ دیگر فرار ہو گئے ، ڈی پی او وسیم ریاض نے ہسپتال میں زخمی ایس ایچ او اور کانسٹیبل کی عیادت کی ، کٹھیالہ شیخاں پولیس نے سلیمان حیدر عرف بنٹو، ابوبکر اور غلام محمد سمیت دیگر ملزموں کیخلاف دہشتگردی ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔