آئندہ سال کے اخراجات،پنجاب پولیس کو 276ارب درکار
لاہور (مدثر حسین سے )پنجاب پولیس نے صوبائی حکومت سے آئندہ مالی سال کیلئے ڈویلپمنٹ ،تنخواہوں اور پٹرول سمیت دیگر کاموں کیلئے 276 ارب روپے مانگ لئے ،اس رقم میں سے زیادہ ترتنخواہوں پر خرچ ہوگی۔
نئے مالی سال میں رواں مالی سال کے مقابلے میں 46 ارب زیادہ مانگے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے آئندہ مالی سال 2025-26کیلئے تنخواہوں کی مد میں217ارب روپے کا بجٹ مانگا ہے جبکہ نئے تھانوں، ٹریننگ سنٹرز کی مرمت ،پولیس افسروں کے دفتروں کی تزئین و آرائش اور پولیس لائنز کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کی مد میں 17 ارب روپے مانگے گئے ہیں ۔پٹرول کی مد میں 9 ارب اورخطرناک ڈاکوؤں سے نمٹنے کیلئے بنائے جانیوالے نئے یونٹ سی سی ڈی کیلئے 10ارب روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایاگیاہے ۔ مشتعل مظاہرین کو پرامن منتشر کرنے والی رائٹ مینجمنٹ فورس کیلئے 5 ارب ،لاء اینڈ آرڈر کیلئے 6 ارب،انویسٹی گیشن کاسٹ کی مد میں 5 ارب روپے کا بجٹ مانگا گیاہے ۔رواں مالی سال کے دوران پنجاب پولیس کو 230 ارب روپے ملے جبکہ بجٹ میں 186 ارب روپے مختص کئے گئے تھے ، 44 ارب روپے پنجاب پولیس کی ڈیمانڈ پر سپلیمنٹری گرانٹ کے طور پر جاری کئے گئے تھے ،آئندہ مالی سال میں 235ارب روپے کا بجٹ ملنے کا امکان ہے تاہم ڈیمانڈ پر مزید رقم جاری کی جاسکتی ہے ۔