20 ہزار ٹن کھاد لے کر افغان جہاز گوادر بندرگاہ پر لنگر انداز
اسلام آباد (آئی این پی) افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت 20 ہزار ٹن ڈی اے پی کھاد لے کر دوسرا بحری جہاز کامیابی سے گوادر بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گیا۔ یہ پیش رفت گوادر پورٹ کی بڑھتی ہوئی تجارتی اہمیت اور بین الاقوامی اعتماد کا مظہر ہے ۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری نے اس موقع پر کہا کہ گوادر پورٹ اب خطے کے لیے ایک اہم تجارتی گیٹ وے بنتا جا رہا ہے ۔ افغان جہاز کی کامیاب آمد سے نہ صرف اعتماد میں اضافہ ہوا ہے بلکہ گوادر کے ذریعے افغانستان کی عالمی منڈیوں تک رسائی بھی مزید مؤثر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ مکمل طور پر تجارتی سامان سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور یہاں تجارتی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، جبکہ گوادر کے ذریعے ٹرانزٹ کے اخراجات میں نمایاں کمی کی بھی توقع ہے ۔جنید انوار نے بتایا کہ فروری کے بعد یہ دوسرا جہاز افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت گوادر بندرگاہ پر پہنچا ہے ، جو پاکستان کی کامیاب بحری پالیسیوں کا ثبوت ہے اور گوادر کو مستقبل میں خطے کی تجارت کا مرکزی مرکز بننے کی راہ پر گامزن کر رہا ہے ۔