ایران میں پھنسے پاکستانی طلبہ کا قافلہ تہران سے روانہ : 450 زائرین کو واپس لایا گیا : اسحق ڈار

ایران میں پھنسے پاکستانی طلبہ کا قافلہ تہران سے روانہ : 450 زائرین کو واپس لایا گیا : اسحق ڈار

اسلام آباد(اے پی پی)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کی روشنی میں پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود اور حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

 ایران سے 450 پاکستانی زائرین کا انخلا گزشتہ روز مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ایران میں مقیم پاکستانی طلبا وطالبات کے 154 کے پہلے بیچ کے محفوظ انخلا کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں اوران کا قافلہ تہران سے روانہ ہوچکاہے ۔ اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ عراق میں ہمارا سفارت خانہ ان پاکستانی زائرین سے رابطے میں ہے جو فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں۔ عراق میں ان کے محفوظ قیام اور ممکنہ انخلا کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ دفتر خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔ اس کرائسز مینجمنٹ یونٹ سے فون نمبر9207887 051 اور ای میل cmu1@mofa.gov.pk پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ہمارے سفارت خانے پاکستانی شہریوں اور زائرین کی مدد کیلئے تمام ضروری کوششوں کو مربوط کر رہے ہیں۔ پاکستان نے اپنے شہریوں کو ایران کی جانب سفر نہ کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے ۔ ادھر بغداد میں پاکستانی سفارتخانے نے عراق میں مقیم تمام پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بغداد سے پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں عراق میں مقیم تمام پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی نقل وحرکت کو محدود رکھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں