پنجاب حکومت 11 کروڑ فی گھنٹہ میں پڑ رہی ، پی ٹی آئی

لاہور(سیاسی نمائندہ)تحریک انصاف پنجاب نے معاشی بحران اور حکومتی بدانتظامی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کردیا۔ چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ ملک نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ فارم 47 کی حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔
جو ہمیں نا تجربہ کار کہتے تھے ان سے معیشت سنبھالی نہیں جا رہی۔ ان کی اپنی رپورٹ بتا رہی ہے کہ 1 کروڑ 80 لاکھ بے روزگار ہوئے ہیں۔پی ٹی آئی کے دور میں آئی ٹی انڈسٹری ترقی کر رہی تھی۔ ہمارے دور میں صحت کی بہترین سہولیات دی گئیں۔پی ٹی آئی نے ہر شہری کو علاج کیلئے 10 لاکھ روپے کا ہیلتھ کارڈ دیا۔آج لوگ علاج کیلئے پریشانی کا شکار ہیں۔اب یہ لوگ آئی ٹی ایکسپورٹس پر 18 فیصد ٹیکس لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اشرافیہ پر ٹیکس نہیں لگا رہے اور عوام کو نچوڑ رہے ہیں۔یہ حکومت ہمیں 11 کروڑ روپے فی گھنٹہ میں پڑ رہی ہے ۔روزانہ اس حکومت پر 2 اعشاریہ 6 ارب روپے خرچ ہورہے ہیں۔ڈیجیٹل میڈیا ہیڈ پی ٹی آئی پنجاب شایان بشیر کا کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو رہا نہیں کیا گیا تو احتجاج کریں گے ۔پنجاب اسمبلی اور اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد پر چھوڑ کر گئی تھی۔اس وقت جی ڈی پی گروتھ 0 اعشاریہ 56 فیصد پر گر گئی ہے۔کروڑوں پاکستانی سطح غربت سے نیچے چلے گئے ہیں۔