اسرائیل ایک ناسور،ہم ایران کے شانہ بشانہ کھڑے : فضل الرحمن

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ اسرائیل اسلامی دنیا کے اندر ایک ناسور کی حیثیت رکھتا ہے، ہم ایران کے شانہ بشانہ کھڑا ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے حیدرآباد میں ملین مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہرطرف دنیا میں بدامنی ہے جنگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل اسلامی دنیا کے اندر ایک ناسور کی حیثیت رکھتا ہے ،جب سے اسرائیل قائم ہوا تب سے اسکی پالیسیاں جارحانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1982میں اسرائیل نے لبنان پر حملہ کیا اور 20 ہزار لوگوں کو شہید کیا، فلسطین ،غزہ پر ڈیڑھ سال سے بمباری کر رہا ہے ، 60 ہزار سے زائد مسلمان شہید ہوچکے ہیں۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم جنگ کے حامی نہیں امن کے داعی ہیں، سندھ میں اس وقت بدامنی کی شکایات ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن نہیں ہے تو معیشت اور کاروبار نہیں ہے ، ہم نے سندھ میں بھی امن قائم کرنا ہے ۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ 17جولائی کوکراچی میں بتائیں گے کہ ہم امن چاہتے ہیں۔اقوام متحدہ آج امریکا کی لونڈی ہے جیسا امریکا ہانکے ویسے ہی فیصلے کرتی ہے ۔ایران اسلامی برادری کا حصہ ہے اور ایران پر اسرائیل کی جارحانہ حملے کی ہم صرف مذمت نہیں کر رہے بلکہ ہم ایران کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔