شہر اور دیہات میں ترقی وسہولیات کا فرق ختم کرینگے:مریم نواز
لاہور (نیوزایجنسیاں)وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کا2025-26 کا ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ پروگرام پیش کرنے پراﷲتعالی ٰکا شکر ادا کرتے ہیں۔
ہمارا عزم ہے کہ شہر اور دیہات میں ترقی اور سہولیات کا فرق ختم کریں گے ۔ترقی کے ثمرات اب گاؤں گاؤں پہنچیں گے ۔ 1800دیہات کو ماڈل ویلج بنائیں گے ۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے ساتھ پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ بھی لارہے ہیں۔ ترقی اب امیر اور غریب کا فرق نہیں دیکھے گی، سب کیلئے برابر ہوگی۔ عام آدمی کی خدمت کے جذبے سے آئے ہیں، اﷲتعالیٰ ہمیں کامیاب کرے ۔صدق دل سے پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے مشن پورا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ کاشتکاربھائیوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے 129 ارب سے زائد فنڈز دے رہے ہیں،بجٹ2025-26 میں مزید گرین ٹریکٹر ز کیلئے ساڑھے 15 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ 12ہزار کلو میٹر سے زائد روڈز کی تعمیر و توسیع ایک ریکارڈ ہوگا۔نواز شریف کینسر ہسپتال اور سرگودھا کانواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسی سال مکمل ہو نگے طلبہ کو ہونہار سکالر شپ دیں گے اور لیپ ٹاپ بھی ملیں گے ۔پنجاب کے کسی سکول میں بچے زمین پر نہیں بیٹھیں گے جس کیلئے 40 ارب دے رہے ہیں۔ لیہ اور بھکر جیسے دور دراز اضلاع کو موٹروے تک رسائی دینگے ، مزدور کے بچوں کو بھوکا نہیں سونے دینگے ،راشن کارڈ کے لئے 40 ارب دینگے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے صحرائی اور خشک سالی سے نمٹنے کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ زمین وراثت نہیں بلکہ آئندہ نسلوں کی امانت ہے اسکی حفاظت فرض اولین ہے ۔ پنجاب بھر میں آبی قلت کے شکار علاقوں کی جیوٹیگنگ کیلئے بجٹ 2025-26 میں خصوصی فنڈز مختص کیے ہیں۔ ہر درخت قحط زدہ صحرا کے لئے زندگی کی علامت ہے ۔ زمین کی سانسیں بند نہیں ہونے دیں گے ،ماحول تب بدلے گا اگر ہم خود بدلیں گے ۔