1240ارب کے ترقیاتی بجٹ سے اپنا ہی ریکارڈ توڑا:پنجاب حکومت

1240ارب کے ترقیاتی بجٹ سے اپنا ہی ریکارڈ توڑا:پنجاب حکومت

لاہور(اپنے نامہ نگار سے )صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ٹیکس فری اور پروگریسو بجٹ پیش کیا۔

 آئندہ مالی سال میں1240ارب روپے کا بجٹ مختص کر کے اپنے ہی ریکارڈ کو توڑا ہے ،5335ارب روپے کے مجموعی بجٹ میں ترقیاتی بجٹ کا حصہ 23فیصد ہے جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی ڈویلپمنٹ بجٹ دیا گیا ہے جس کا حجم 1240ارب روپے ہے ، پہلی دفعہ وزیر اعلیٰ نے پارلیمنٹ کے اندر عوام کو بتایا کہ ان کا پیسہ کہاں خرچ ہوا ، مختلف محکموں کے سیکرٹریز کے ہمراہ ایوان وزیر اعلیٰ میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ وفاق کے قابل تقسیم محاصل سے پنجاب کو 4062.2ارب روپے ملنے ہیں، صوبائی محصولات کا ہدف 828ارب روپے جبکہ جاری اخراجات کا حجم 2706.5ارب ہے ، کیپٹل اخراجات590.23ارب ،ٹارگٹد سبسڈیز کی مد میں72.27ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جارہا ہے ،حکومت تمام ٹیکسیشن کے نظام کو ڈیجٹیلائز کر رہی ہے ،ای آکشن ،ای ٹینڈنگ کی جارہی ہے ،پنجاب واحد پروگریسو صوبہ ہے جہاں چیزیں ڈیجیٹلائز کی جارہی ہیں اس سے کرپشن پر قابو پا یا جا سکتا ہے ،اس سال پنجاب ریونیو اتھارٹی کو 28 اضلاع تک لے جائیں گے ۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تاریخی بجٹ پیش کیاہے ،پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی ڈویلپمنٹ بجٹ دیا گیا ہے جس کا حجم 1240ارب روپے ہے ۔ تعلیم میں 65ارب کا بجٹ تھا جسے 149ارب روپے تک لے گئے ہیں اور پہلے کبھی ایسا نہیں ہو ا،صحت کا بجٹ 129ارب جسے اب 181ارب پر لے گئے ہیں ۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار صرف ساڑھے چھ ماہ کے قلیل عرصے میں پچاس ہزار لوگوں کو اپنی چھت ملی ہے ، ٹرانسپورٹ میں 24 ارب کے بجٹ کو 85ارب تک لے گئے ہیں جو ٹرانسپورٹ کی ماڈرنائزیشن پر خرچ کرینگے ،انہوں نے دعویٰ کیا کہ مقامی قرضہ جو 650ارب روپے تھا اسے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا اگر اسے ختم نہ کیا جاتا تو یہ 1.4ٹریلین روپے تک پہنچ جاتا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں