جیکب آباد :جعفرایکسپریس پر دہشتگرد حملہ، تمام مسافر محفوظ

جیکب آباد :جعفرایکسپریس پر دہشتگرد حملہ، تمام مسافر محفوظ

جیکب آباد (نمائندہ دنیا) جیکب آباد میں جعفرایکسپریس پر دہشت گرد حملہ، ریلوے ٹریک پر دھماکے سے کارگو بوگی تباہ، 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفرایکسپریس پر دہشت گرد حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پٹڑی دھماکے سے ا ڑ گئی اور انجن کے پیچھے لگی کارگو بوگی کو نقصان پہنچا جبکہ ٹرین کی 4 بوگیاں پٹڑی اتر گئیں، ٹرین میں سوار تمام مسافر مکمل محفوظ رہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود سبزی منڈی کے قریب تخریب کاروں کی جانب سے جعفرایکسپریس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی،ریلوے ٹریک پر بم نصب تھا، جعفرایکسپریس جیسے ہی وہاں پہنچی بوگی نمبر 2کے نیچے زوردار دھماکا ہوا اور انجن کے پیچھے لگی کارگو بوگی کو نقصان پہنچا اور 370 فٹ سے ٹریک متاثر ہوا۔ دھماکے والی جگہ پر 2 فٹ 8 انچ گہرا گڑھا پڑ گیا، ادھر دھماکے کے بعد مسافر کئی گھنٹے تک شدید گرمی میں بے یارومددگار کھلے آسمان تلے بیٹھے رہے اور بعدازاں مسافروں کو متبادل سواری کے ذریعے منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں